.

حوثیوں کی الحدیدہ میں یو این مبصر مشن کے سربراہ جنرل کمائرٹ پر فائرنگ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی نگرانی کرنے والی مبصر ٹیم کے سربراہ ریٹائرڈ میجر جنرل پیٹرک کمائرٹ پر حوثی باغیوں نے فائرنگ کر دی۔

تفصیلات کے مطابق جنرل کمائرٹ الحدیدہ میں یمنی حکومت کے زیر کنڑول علاقے ’’اخوان ثابت‘‘ انڈسٹریل کمپلیکس میں حکومتی نمائندوں سے ملاقات کے بعد شہر کے وسطی علاقے میں لوٹ رہے تھے۔ ان کا قافلہ جب الحدیدہ کے مشرق میں شاہراہ الخمسین پہنچا تو اس پر فائرنگ کی گئی۔

اس سے قبل یمن سے ’’العربیہ‘‘ کے نامہ نگار نے اپنے مراسلے میں بتایا تھا کہ حوثی ملیشیا نے سویڈن معاہدے پر عمل درامد کی نگرانی کرنے والی مشترکہ کمیٹی کے سربراہ جنرل پیٹرک کمائرٹ کو کمیٹی میں شامل یمنی حکومت کے نمائندوں سے ملاقات کے لیے اپنی قیام گاہ سے منتقل ہونے سے روک دیا۔

مذکورہ کمیٹی کے مقرب ذرائع نے بتایا کہ جنرل کمائرٹ اور حکومتی نمائندوں کے بیچ ملاقات الحدیدہ شہر کے مشرق میں اخوان ثابت انڈسٹریل کمپلیکس کے اندر طے تھی۔

درایں اثنا بدھ کے روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے 15 ارکان نے یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں جنگ بندی کی نگرانی کے لیے 75 مبصرین کی چھے ماہ کے لیے تعیناتی سے متعلق برطانوی قرارداد کی اتفاق رائے سے منظوری دے دی۔ ان مبصرین کو الحدیدہ اور اس کی بندرگاہ کے علاوہ الصلیف اور راس عیسیٰ کی بندرگاہوں پر تعینات کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کے جنرل سکریٹری کے ترجمان سٹیفین ڈوجیرک [Stéphane Dujarric] نے ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ الحدیدہ میں تعینات کیے جانے والے مبصرین کو پہلے یمن میں متحارب فریقین سے داخلے کا ویزا حاصل کرنا ہو گا۔