.

مصر: جزیرہ نما سیناء میں جھڑپوں میں 7 فوجی اور 59 جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شورش زدہ علاقے جزیرہ نما سیناء میں حالیہ جھڑپوں کے دوران میں ایک افسر سمیت سات فوجی مارے گئے ہیں جبکہ انسٹھ جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

مصری فوج نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز نے سیناء میں مختلف کارروائیوں کے دوران میں 142 مشتبہ جنگجو ؤں اور جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

بیان کے مطابق مغربی صحرا ، جنوبی اور شمال مشرقی سرحدی علاقوں میں فضائی حملے کیے ہیں اور اسلحے اور گولہ بارود سے لدی 56 گاڑیوں کو تباہ کردیا ہے۔

تاہم فوج کے بیان میں ان کارروائیوں کے دن اور وقت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔ان ہلاکتوں اور گرفتاریوں کی آزاد ذرائع سے تصدیق ممکن نہیں ۔مصری فورسز نے جزیرہ نما سیناء میں صحافیوں کے داخلے پر پابندی عاید کررکھی ہے۔

مصری فورسز نے گذشتہ سال فروری میں صدر عبدالفتاح السیسی کے حکم پر شمالی سیناء اور دوسرے علاقوں میں مشتبہ جنگجوؤں کے خلاف ایک بڑی کارروائی شروع کی تھی ۔ سیناء میں جولائی 2013ء میں مصر کے پہلے منتخب صدر ڈاکٹر محمد مرسی کی برطرفی کے ردعمل میں داعش اور دوسرے مسلح جنگجوؤں نے سکیورٹی فورسز پر حملے شروع کردیے تھے۔اس کے بعد تشدد کے واقعات میں سیکڑوں افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔