.

الجزائر : خودسوزی کرنے والا ٹی وی پروڈیوسر چل بسا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

الجزائر میں ایک ٹی وی چینل کے مرکز میں خود کو آگ لگانے والا پروڈیوسر یوسف قوسم جمعرات کے روز چل بسا۔ یہ بات 61 سالہ پروڈیوسر کے بیٹے نے فرانسیسی خبر رساں ایجنسی کو بتائی۔

یوسف نے نجی چینل "ڈیزائر ٹی وی" کے لیے 2017 میں ایک سوپ سیریل تیار کیا تھا۔ تاہم اب تک اس کے واجبات کی ادائیگی نہیں کی گئی۔ اس پر احتجاج کرتے ہوئے یوسف نے رواں ماہ سات جنوری کو مذکورہ چینل کے دفتر میں خود کو آگ لگا لی تھی۔

دوسری جانب چینل نے اپنے ایک بیان میں کاروباری اختلاف کے اس الم ناک صورت میں انجام پذیر ہونے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بیان کے مطابق چینل کے نئے ڈائریکٹر نے یوسف سے ملاقات میں اطمینان دلایا تھا کہ انتظامیہ اگلے روز اس کے مطالبے پر غور کرے گی۔ تاہم یوسف نے ملاقات کے بعد باہر آ کر خود کو آگ لگا لی۔

واقعے کے بعد سیکڑوں پروڈیوسرز، ڈائریکٹرز اور اداکاروں نے اپنے پیغامات میں سینیما کے ذمے داران اور دیگر افراد کو ان مشکلات کا احساس دلایا تھا جس کا سامنا ان کو پروڈکشن کے دوران کرنا پڑتا ہے۔ ان میں واجب الادا رقم کی عدم ادائیگی خاص طور پر مذکور ہے۔