.

بحرینی فٹبالر کی واپسی کے حوالے سے تھائی لینڈ کو منامہ کی درخواست موصول

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

تھائی لینڈ نے اعلان کیا ہے کہ اسے سابق بحرینی فٹبالر حکیم العریبی کو ملک بدر کرنے کے سلسلے میں بحرین کی جانب سے سرکاری طور پر درخواست موصول ہو گئی ہے۔

تھائی لینڈ کی وزارت خارجہ کی ترجمان بوسادی سینٹی بیٹاکس نے منگل کے روز بتایا کہ بحرین کی جانب سے یہ درخواست پیر کے روز موصول ہوئی اور اسے اب پراسیکیوٹر کے دفتر ارسال کر دیا گیا ہے۔

بحرین چاہتا ہے کہ حکیم العریبی کو واپس وطن بھیج دیا جائے تا کہ وہ دہشت گردی سے متعلق الزامات میں قصور وار ٹھہرائے کے بعد جیل کی سزا پوری کرے۔

العریبی کو گزشتہ برس نومبر میں تھائی لینڈ پہنچنے کے فوری بعد گرفتار کر لیا گیا تھا۔ تھائی لینڈ کی عدالت نے دسمبر میں فیصلہ دیا تھا کہ العریبی کو 60 روز کے لیے حراست میں رکھا جا سکتا ہے جب تک کہ بحرین کی جانب سے حوالگی کی درخواست پر غور مکمل نہ کر لیا جائے۔

توقع ہے کہ العریبی کے معاملے میں تھائی لینڈ کے جنرل پراسیکیوٹر کی جانب سے ایک ہفتے کے دوران فیصلہ جاری کر دیا جائے گا۔