.

حزب اللہ وزارت صحت کے وسائل مسلح مقاصد کے لیے استعمال نہ کرے: امریکا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا نے خبردار کیا ہے کہ اگر لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ نے وزارت صحت کے وسائل کو اپنے مسلح مقاصد کے لیے استعمال کیا تو اس کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق امریکی وزارت خزانہ کے معاون مارشل بلینگ سلیا نے ایک بیان میں کہا کہ امریکا کو لبنان کی نئی حکومت میں حزب اللہ کو شامل کرنے اور اسے وزارت صحت جیسا اہم شعبہ دینے پر تشویش ہے۔ حزب اللہ وزارت صحت کے وسائل کو اپنی ملیشیا اور دیگر مسلح مقاصد کے لیے استعمال کر سکتی ہے۔

خیال رہے کہ لبنان میں اقتصادی بحران کے ساتھ ساتھ گذشتہ نو ماہ سے ملک سیاسی بحران کا شکار رہا ہے۔ پارلیمانی انتخابات کے نو ماہ بعد لبنان میں حکومت تشکیل دی گئی ہے۔ نئی کابینہ میں ایران نواز حزب اللہ کو وزارت صحت سمیت تین اہم وزارتیں دی گئی ہیں۔

امریکی عہدیدار نے بیروت میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں حزب اللہ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنا ہوگی۔ اگر حزب اللہ وزارت صحت اور دوسری وزارتوں کے وسائل کو اپنے دہشت گردانہ مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہے تو حزب اللہ کے لیے سخت مشکلات پیدا کی جائیں گی تاہم انہوں نے ایسی صورت میں حزب اللہ کے خلاف امریکی حکومت کی طرف سے متوقع اقدامات کی تفصیلات بیان کرنے سے گریز کیا۔