.

یمنی تنازع کے فریق اسٹاک ہوم معاہدے کا احترام کریں: سیکیورٹی کونسل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے یمنی تنازع کے فریقوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اسٹاک ہوم معاہدے کا احترام کریں۔

ان خیالات کا اظہار سیکیورٹی کونسل کے سربراہ اور استوائی گنی کے مستقل مندوب نڈونگ مبا نے جمعہ کے روز ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے یمن میں انسانی صورت حال پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے زور دیا کہ اسٹاک ہوم میں طے پانے والے معاہدے بالخصوص قیدیوں کے تبادلے سے متعلق شق پر عمل درامد اور سیاسی عمل کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔

یاد رہے کہ اقوام متحدہ میں سعودی عرب، امارات اور یمن کے سفیروں نے جنوری میں سلامتی کونسل کے سربراہ کو بھیجے گئے خط میں حوثی ملیشیا کی جانب سے الحدیدہ معاہدے کی خلاف ورزیوں کی تاریخ اور مقام کی تفصیل کے ساتھ نشان دہی کی تھی۔ مذکورہ خط کے مطابق 13 دسمبر 2018 کو الحدیدہ معاہدہ طے پانے کے بعد سے 30 جنوری 2019 تک سمجھوتے کی ہزار خلاف ورزیوں کا ارتکاب کیا گیا۔