.

حوثیوں کے اہداف پر اتحادی طیاروں کے حملوں کی وڈیوز جاری

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں قانونی حکومت کی حمایت کے لیے سرگرم عرب اتحاد نے چند وڈیوز جاری کی ہیں جن سے ایران نواز حوثی ملیشیا کے ٹھکانوں، کمک اور اسلحہ ڈپوؤں پر عرب اتحاد کے طیاروں کے حملوں اور ان اہداف کی تباہی کی تصدیق ہوتی ہے۔

ہفتے کے روز یمن کے شمال مغربی صوبے حجہ میں حجور قبائل کے ساتھ لڑائی اور عرب اتحاد کے حملوں میں حوثی ملیشیا کے 30 سے زیادہ ارکان مارے گئے۔

یمنی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ضلع کشر میں حجور قبائل کی حوثیوں کے ساتھ گھمسان کی لڑائی ہوئی۔ اس دوران اتحادی لڑاکا طیاروں نے بھی اپنے تابڑ توڑ فضائی حملے جاری رکھے۔

حجور قبائل نے افلح الشام کے علاقے کے متوازی واقع بعض ٹھکانوں کو باغیوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا۔

گزشتہ دو روز کے دوران حجور قبائل پر حوثیوں کے توپ خانوں کی گولہ باری میں شدت آ گئی۔ اس سے قبل حوثیوں نے قبائل کے ساتھ کئی روز کی جھڑپوں کے بعد ان کا محاصرہ کر لیا تھا۔ اس کے نتیجے میں سنگین نوعیت کا انسانی بحران پیدا ہو گیا ہے۔