یمن : الحدیدہ معاہدے کے پہلے مرحلے پر اتفاق رائے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
3 منٹس read

اقوام متحدہ کے ترجمان کے دفتر کی جانب سے اتوار کی شب جاری بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ یمنی حکومت اور حوثی ملیشیا کے نمائندے متحارب فورسز کی نئی صف بندی کے پہلے مرحلے کے حوالے سے متفق ہو گئے ہیں۔ یہ سمجھوتا اقوام متحدہ کے زیر سرپرستی سابقہ معاہدے کے مطابق سامنے آیا ہے جس کے تحت تنازع کے فریقین کی فورسز یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ سے کوچ کر جائیں گی۔

سویڈن میں دسمبر کے اوائل میں طے پائے جانے والے فائر بندی کے معاہدے کے پہلے مرحلے میں الحدیدہ، الصلیف اور راس عیسی کی بندگاہوں سے جنگجوؤں کی پہلی کھیپ کا انخلا عمل میں آئے گا۔ اس کا مقصد انسانی امداد کی ترسیل کو آسان بنانا ہے۔ اس سے قبل حوثیوں کی متعدد خلاف ورزیوں کے سبب اس مرحلے پر عمل درامد بار بار ملتوی ہوتا رہا ہے۔

اقوام متحدہ کی جانب سے اتوار کی شب جاری کیا جانے والا بیان الحدیدہ میں دو روز کی بات چیت کے بعد سامنے آیا ہے۔ یہ مذاکرات الحدیدہ میں انخلا اور فائر بندی کے معاہدے پر عمل درامد کی نگراں کمیٹی کے سربراہ ڈنمارک کے ریٹائرڈ جنرل مائیکل لولزگارڈ کی سرپرستی میں ہوئے۔ مذکورہ کمیٹی میں یمنی حکومت اور حوثی ملیشیا کے نمائندے بھی شامل ہیں۔

اقوام متحدہ کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ نئی صف بندی کے حوالے سے فریقین نے اہم پیش رفت کو یقینی بنایا ہے تاہم ہتھیار ڈالنے کے آغاز کے حوالے سے کوئی وقت متعین نہیں کیا گیا۔ بیان کے مطابق فریقین نئی صف بندی کے دوسرے مرحلے پر بھی ابتدائی طور پر متفق ہو گئے ہیں اور اس دوران وہ اپنی اپنی قیادت کے ساتھ مشاورت کریں گے۔

اقوام متحدہ نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ الحدیدہ میں جارحیت میں کمی ،،، لاکھوں یمنیوں کو غذائی اور طبی امداد پہنچانے کا موقع فراہم کرے گی۔

اقوام متحدہ کے بیان کے مطابق فریقین کے بیچ مذاکرات کا نیا دور ایک ہفتے کے اندر ہو گا تا کہ نئی صف بندی کے دوسرے مرحلے کی تفصیلات طے پا سکیں۔

یاد رہے کہ یمن کے لیے امداد اور غذائی مواد کا اکثر حصہ الحدیدہ کی بندرگاہ کے راستے داخل ہوتا ہے اور یہ لاکھوں یمنیوں کے لیے شہ رگ کی حیثیت رکھتی ہے۔

ادھر عالمی سلامتی کونسل منگل کے روز ایک اجلاس منعقد کر رہی ہے جس میں یمن کے لیے اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی مارٹن گریفتھس کی رپورٹ کو سنا جائے گا.

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں