.

ایران کا امریکا پر میزائل پروگرام میں خرابی پیدا کرنے کی سازش کا الزام

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایران نے الزام عاید کیا ہے کہ تہران کی جانب سے میزائلوں کے تجربات میں ناکامی کے پیچھے امریکا کا ہاتھ ہے۔ امریکی حکومت ایک سازش کے تحت ایران کے میزائل پروگرام میں خرابی پیدا کرکے اسے نقصان پہنچانے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایرانی پاسداران انقلاب کی فضائیہ کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے ایک بیان میں اعتراف کیا کہ ایران کو اس کے میزائل پروگرام میں خرابیاں پیدا کرنے کی امریکی سازشوں کے حوالے سے ٹھوس معلومات حاصل ہوئی ہیں۔ ایرانی عہدیدار کی طرف سے یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب دوسری جانب خود ایرانی حکومتی حلقوں میں میزائل پروگرام کے حوالے سے اختلافات پائے جا رہےہیں۔

پاسداران انقلاب کی مقرب نیوز ایجنسی 'فارس' نے بتایا کہ تہران میں 'سلمان فارسی' میلے سے خطاب میں حاجی زادہ کا کہنا تھا کہ ایران کے میزائل پروگرام میں'فالٹ' پیدا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ یہ سب کچھ امریکا کررہا ہے تاکہ ایران کا میزائل پروگرام ناکامی سے دوچارہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم سمجھ گیے ہیں کہ گذشتہ چند برسوں‌کےدوران ہمارے میزائل پرورگرام کو کس کس نے کیسے کیسے طریقوں سے ناکام بنانے کی مذموم کوشش کی۔ اگر ہمیں بیرون ملک سے میزائلوں کے لیے کوئی پرزہ منگوانا پڑتا ہے تو امریکا اس میں رکاوٹیں ڈالتا ہے۔ امریکا کی اس سازش کا مقصد اور ہدف تہران کو میزائل ٹیکنالوجی سےمحروم کرنا ہے۔

حاجی زادہ کا کہنا تھا کہ دشمن نے پہلے ہمیں میزائل سازی سے روکا۔ اس کے بعد بیرون ملک سے پرزہ جات کی ترسیل پر پابندی لگائی گئی۔ پھر بیرون ملک سے'بورڈ' منگوانے پرپابندی عاید کی اور اب الیکٹرانک آلات ایران کو فراہم کرنے سے روک رہا ہے۔ ایران کے دشمنوں کی ان تمام سازشوں کے باوجود تہران اپنے دفاعی پروگرام پر کوئی سمجھوتا نہیں کرے گا۔

خیال رہے کہ ایران نے رواں سال دو بار اپنا خلائی شٹل خلاء میں بھیجنے کی کوشش کی مگر وہ دونوں بار اس میں ناکام رہا۔ عالمی سطح پرایران کی خلائی ٹیکنالوجی پر سوالات اٹھ رہے ہیں۔ دوسری جانب ایران کا میزائل پروگرام بھی عالمی تنقید کی زد میں ہے اور اسے مشرق وسطیٰ اور عالمی سلامتی کے لیے‌خطرہ قرار دیا جاتا ہے۔