.

سعودی عرب کے پہاڑ پر بادلوں میں گھرے ہوئے گھر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے صوبے جازان میں "فیفا" کے پہاڑوں پر 12 ہزار فٹ کی بلندی پر واقع گھروں کی خاص بات یہ ہے کہ بادل ان کو گھیرے رہتے ہیں۔ یہ علاقہ اتنا زرخیز ہے کہ یہاں پورا سال زراعت کا سلسلہ جاری رہتا ہے اور اس دوران کافی، کیلا اور ریحان سمیت کئی اشیاء کی کاشت ہوتی ہے۔

فیفا کے باسی زراعت کے ذریعے اپنی آمدنی کے ایک اہم ذریعے کے طور پر کافی پر انحصار کرتے ہیں۔ اس علاقے میں کافی کی اعلی کوالٹی سامنے آنے کے بعد یہاں تجارتی بنیادوں پر کاشت کا تجربہ کیا گیا۔ فیفا کے پہاڑی علاقے میں مختلف مقامات پر 60 ہزار کے قریب انسان بستے ہیں۔ اس پہاڑ کے کئی مقامات تک پہنچنا انتہائی دشوار گزار کام ہے۔ پہاڑ پر واقع گھروں کے درمیان بعض تنگ راہ داریاں بھی پائی جاتی ہیں۔ اس کے بعد فیفا پہاڑ کی چوٹی پر پہنچا جاتا ہے جو بادلوں سے زیادہ بلند ہے۔

بہت سی شخصیات نے فیفا کے اس پہاڑی علاقے کا اپنی کتابوں میں ذکر کیا ہے۔ اس علاقے کو پہاڑ پر چڑھنے کے شوقین افراد کے لیے کشش کا مرکز قرار دیا گیا ہے۔ اس کی بلندیوں پر بادلوں کے بیچ کھڑے ہو کر ناقابل بیان حد تک خوب صورت منظر دیکھنے میں آتا ہے۔

پہاڑ پر پورے سال مناسب درجہ حرات برقرار رہتا ہے۔ یہ گرمیوں میں ٹھنڈک اور سردیوں میں گرمائش محسوس کیا جا سکتی ہے۔ موسم گرما میں پہاڑ پر شدید دھند ہوتی ہے جس سے اس مقام کو سحر انگیزی نصیب ہوتی ہے۔

فیفا کے باسیوں کو قدرتی طور پر پہاڑی علاقے کی آواز کے جمال کا بھی تحفہ عنایت ہوا ہے۔ ان میں بہت سے فن کار بھی ہیں۔ علاوہ ازیں فیفا کے لوگوں کا خاص لہجہ خولان کی زبان کے قریب سمجھے جانے والے بعض الفاظ کے سبب فصیح عربی زبان کے ساتھ نتھی سمجھا جاتا ہے۔

خولان قدیم زمانے میں یمن کا ایک معروف قبیلہ تھا۔

فیفا میں موسم گرما اور موسم سرما کی علاحدہ کاشت ہیں جو بعض مرتبہ بارشوں پر انحصار کرتی ہیں۔ فیفا میں کافی، گندم، جو اور مکئی کی پیداوار ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں یہاں آم، کیلا، لیموں اور بہی (سفرجل) بھی پیدا ہوتا ہے۔ فیفا کے باسی یہاں خوشبو دار پودے بھی کاشت کرتے ہیں۔ ان میں نرگس اور ریحان سب سے زیادہ معروف ہیں۔ ان خوشبو دار پودوں کا وجود پہاڑ اور اس کے راستوں کو امتیازی شان عطا کرتا ہے۔

سیاحت اور کافی کی کاشت ،،، یہ دو امور ایسے ہیں جن پر انحصار کر کے فیفا کے لوگ اس پہاڑ پر مزید سرمایہ کاری لا سکتے ہیں۔ یہ پہاڑ جازان صوبے میں ایک اہم ترین سیاحتی مقام ہے۔ سخت گرمی کے موسم میں مملکت کے دیگر علاقے کے لوگ ٹھنڈے موسم سے لطف اندوز ہونے کے واسطے فیفا کا ہی رخ کرتے ہیں۔

سعودی فوٹوگرافر "ماجد سنقوف" نے فیفا پہاڑ کی بہت سی تصاویر بنائی ہیں۔ وہ قدرت کے اس حسین شاہ کار کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار رہتے ہیں۔