.

صعدہ : اتحادی طیاروں کے حملوں میں درجنوں حوثی ہلاک اور زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں پیر کو علی الصبح صعدہ صوبے میں عرب اتحادی طیاروں نے باغیوں کے زیر استعمال میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز اور ایک تربیتی عسکری کیمپ کو نشانہ بنایا۔ صوبے کے شمال مشرقی ضلعے کتاف ے علاقے الغول میں ہونے والی کارروائی میں کئی حوثی اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے اور متعدد زخمی ہو گئے۔

اس سے قبل یمنی فوج نے اتوار کے روز اتحادی طیاروں کی معاونت سے کتاف ضلع میں بڑی پیش قدمی کو یقینی بنایا تھا۔

یمنی مسلح افواج کے میڈیا سینٹر نے ایک عسکری ذریعے کے حوالے سے بتایا کہ فوج نے ایک وسیع عسکری آپریشن کیا۔ اس کے دوران عنبان کے پہاڑی سلسلے، جبل حنکہ اور کتاف ضلع کے مرکز کے اطراف اور نزدیک کئی دیہات کو آزاد کرا لیا گیا۔

لڑائی کے دوران حوثی ملیشیا کے 20 ارکان مارے گئے اور متعدد زخمی ہو گئے۔ بقیہ عناصر پہاڑوں اور وادیوں میں اپنے ہتھیاروں، ساز و سامان اور ملیشیا کے مقتول ارکان کی لاشیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

صعدہ کے محاذ پر یمنی فوج کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل عبید الاثلہ کے مطابق ان کی فوج کتاف ضلع کے مرکزی علاقے سے چند کلو میٹر کے فاصلے پر موجود ہے اور ضلع کو مکمل طور پر آزاد کرانے میں زیادہ وقت نہیں رہ گیا۔