.

حوثیوں کے ڈرون حملے میں 13 شہری جاں بحق ، 30 زخمی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں آئینی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے 'صعدہ' گورنری کے ایک بازار پر بغیر پائلٹ ڈرون حملہ کیا جس کے نتیجے میں 13 شہری جاں‌ بحق اور 30 زخمی ہوگئے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق ایران نواز حوثی شدت پسندوں نے منگل کو شہری تنصیبات پرحملے کیے۔ اس دوران صعدہ گورنری کے ایک بازار پر ڈرون کی مدد سے حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں کم سے کم 13 شہری بحق ہوگئے۔

ادھر سوموار کے روز یمنی فوج کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا صعدہ میں باقم کے محاذ پر ھوثی شدت پسند پسپا ہوگئے ہیں اور سرکاری فوج نے مزید اہم مقامات کا کنٹرول سنبھال لیا ہے۔

یمنی فوج کے عہدیدار بریگیڈیئر یاسر الحارثی نے بتایا کہ باقم میں سرکاری فوج نے عرب اتحادی فوج کی مدد سے جبل السود، تبہ الخزان، آل مغیض اور مغرب میں سحار الشام سے باغیوں کو باہر نکال دیا۔

ادھر علب محاذ کے کمانڈر بریگیڈیئر یاسر مجلی نے بتایا کہ فوج نے سوموار کو علی الصباح مختلف اطراف سے باقم ڈاریکٹوریٹ پر باغیوں کے خلاف حملہ کیا جس میں باغیوں کو پسپائی کا سامنا کرنا پڑا۔

باقم میں مختلف مقامات پر سرکاری فوج اور باغیوں کےدمیان جاری لڑائی کے دوران درجنوں جنگجو ہلاک اور زخمی ہوگئے۔