.

ریاض : سعودی فرماں روا اور ولی عہد سے چینی وزیر دفاع کی ملاقات

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی فرماں روا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے منگل کے روز ریاض میں چینی وزیر دفاع وی وونگ خا سے ملاقات کی۔

قصر یمامہ میں خادم حرمین شریفین کے دفتر میں ہونے والی ملاقات کے دوران سعودی عرب اور چین کے درمیان مختلف شعبوں بالخصوص عسکری میدان میں تعاون کو مضبوط بنانے کے راستوں کا جائزہ لیا گیا۔

سعودی ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے بھی منگل کے روز اپنے دفتر میں چینی وزیر دفاع سے ملاقات کی۔ بات چیت میں دونوں ملکوں کے درمیان خصوصی تعلقات بالخصوص دفاع کے شعبے میں تعاون کے مواقع بڑھانے کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں شخصیات کے درمیان خطے کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

خادم حرمین شریفین کی چینی وزیر دفاع کے ساتھ ملاقات کے موقع پر مملکت کے وزیر داخلہ شہزادہ عبدالعزیز بن سعود بن نائف، وزیر مملکت اور کابینہ کے رکن ڈاکٹر مساعد العيبان اور وزیر خارجہ ابراہیم بن عبدالعزیز بھی موجود تھے۔ علاوہ ازیں چین کی جانب سے ریاض میں چینی سفارت خانے کے ناظم الامور شی ہونگ وی، چینی فضائیہ کے سربراہ ین چینگ یان، بری افواج کے نائب سربراہ لیو فا چنگ اور مرکزی عسکری کمیٹی کے بین الاقوامی عسکری تعاون کے بیورو کے نائب سربراہ سونگ یانگ چاؤ ملاقات میں شریک ہوئے۔