.

شام میں اسرائیلی فوج کے فضائی حملے میں سات ایرانی یا ایران نواز جنگجو ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

شام کے شمالی صوبے حلب میں اسرائیلی فوج کے ایک فضائی حملے میں سات ایرانی یا ایران کے حمایت جنگجو ہلاک ہوگئے ہیں۔

برطانیہ میں قائم شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق نے جمعرات کو اطلاع دی ہے کہ اسرائیلی فوج نے حملے میں ایران کے ایک اسلحہ ڈپو کو نشانہ بنایا ہے اور اس میں متعدد جنگجو زخمی بھی ہوئے ہیں۔

شام کے سر کاری میڈیا کا کہنا ہے کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے اسرائیل کی فضائی جارحیت کا جواب دیا تھا ۔اس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج نے شما لی شہر حلب کے شمال مشرق میں واقع ایک صنعتی علاقے میں بعض تنصیبات کو فضائی حملے میں نشانہ بنایا ہے لیکن اس سے صرف مادی نقصان ہوا ہے۔

اسرائیلی لڑاکا طیارے ماضی میں بھی شام میں ایران کے اہداف یا اس کے فوجی عہدے داروں پر متعدد فضائی حملے کرچکے ہیں۔ ایران کے بہ قول اس کے فوجی مشیر شام میں صدر بشارالاسد کی فوج کی مدد کے لیے موجود ہیں ۔ان کے علاوہ ایران کی تربیت یافتہ شیعہ ملیشیاؤں کے جنگجو بھی شامی فوج کے شانہ بشانہ باغیوں کے خلاف لڑتے رہے ہیں۔

اسرائیل شام میں ایران کی موجودگی کو اپنی قومی سلامتی کے لیے ایک خطرہ گردانتا ہے اور اس کا کہنا ہے کہ وہ اپنی سرحدوں کے ساتھ ایران کی موجودگی کو برداشت نہیں کرے گا۔اس نے حال ہی میں شام میں ایرانی اہداف کو فضائی حملوں میں نشانہ بنانے کا اعتراف کیا ہے جبکہ اس سے پہلے وہ شام میں ایرانی اہداف پر حملوں کی تردید کرتا رہا ہے۔