.

سعودی عرب : آنکھوں کو خیرہ کر دینے والے قدرتی جمال کے سحر انگیز مناظر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں مقامی کیمرہ مین مصطفی الصہلولی نے جازان کے پہاڑوں اور ہروب، ریث اور جبل اسود کے علاقوں میں واقع قدرتی مقامات کی خوب صورتی اور سحر انگیزی کو اپنے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا ہے۔

الصہلولی نے اپنی اس کاوش میں "ڈروں" طیارے اور پیشہ وارانہ ڈیجیٹل کیمروں کا استعمال کیا۔ بعد ازاں انہوں نے یہ مناظر یوٹیوب اور سماجی رابطوں کی مختلف ویب سائٹوں پر پوسٹ کیے۔ ان مناظر کو دیکھنے والوں کی جانب سے وسیع پیمانے پر پسند کیا گیا۔

سعودی کیمرہ مین نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ انہیں خوب صورت مناظر اور پہاڑوں کے قدرتی جمال کی تصاویر لینے کا جنون کی حد تک شوق ہے۔ الصہلولی کے مطابق سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ان کی پوسٹنگ کا ذریعہ ہیں جہاں قدرتی مناظر اور خوب صورت مقامات کے دیوانے ہمیشہ ان کو فالو کر رہے ہوتے ہیں۔ سعودی کیمرہ میں کی خواہش ہے کہ وہ اپنا فوٹو گرافی کا کام عالمی سطح پر متعارف کرائیں۔

الصہلولی نے واضح کیا کہ "جازان سعودی عرب کا دوسرا سب سے چھوٹا صوبہ ہے جس کا رقبہ 11671 مربع کلو میٹر ہے۔ یہ صوبہ اپنے ماحول میں تنوع کے سبب امتیازی حیثیت رکھتا ہے۔ یہ مملکت کا واحد صوبہ ہے جہاں پہاڑ ، ہموار زمین اور جزیرے موجود ہیں۔ یہاں کی قدرتی سحر انگیزی فيفاء، بلغازی، بنی مالک، ہروب، ريث وارعارضہ کے پہاڑوں میں چھپی ہے۔ ان پہاڑوں کو دھند اور گہرے بادل اپنے دامن میں سمیٹے رکھتے ہیں"۔