پاکستان ٹیلی ویژن کے شہرہ آفاق ڈرامے سعودی عرب میں نمائش کے لئے پیش

“دھوپ کنارے” اور “تنہائیاں” ڈرامہ سیریلز عربی سب ٹائیٹلز کے ساتھ نشر ہوں گی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
دو منٹ read

پاکستان کے مقبول عام ٹی وی ڈرامہ سیریل 'دھوپ کنارے' سعودی عرب کے ٹی وی چینلز پر جون میں عربی زبان کے سب ٹائٹلز کے ساتھ ٹیلی کاسٹ کیا جائے گا۔'دھوپ کنارے' کے بعد شہزاد خلیل کی پروڈکشن میں تیار کردہ ڈرامہ سیریل 'تنہائیاں' بھی سعودی عرب بھیجی جائے گی۔

پاکستان کے وزیرِ اطلاعات فواد چوہدری نے گزشتہ ہفتے سعودی وزیرِ ثقافت شہزادہ بدر بن عبداللہ بن محمد بن فرحان کی دعوت پر سعودی عرب کا دورہ کیا تھا۔اس ملاقات میں دونوں وزراء کے درمیان فلم اور ڈرامہ پروڈکشنز میں تعاون بڑھانے کے لیے ورکنگ گروپ کی تشکیل پر اتفاق کیا گیا تھا۔ساتھ ہی پاکستانی فلموں کو سعودی عرب کی سرکاری فضائی کمپنی سعودی ایئرلائنز میں دورانِ پرواز دکھائے جانے پر بھی بات ہوئی تھی۔

ملاقات میں جہاں اور معاملات طے پائے تھے، وہیں یہ فیصلہ بھی ہوا تھا کہ 'پی ٹی وی' اپنے مقبول ڈرامے عربی میں ڈبنگ یا سب ٹائٹلنگ کے ساتھ سعودی چینلز کو دے گا۔

پاکستان ٹیلی وژن کی ڈائریکٹر بین الاقوامی تعلقات شازیہ سکندر نے دونوں ڈرامے سعودی عرب میں نشر کرنے کے فیصلے کی تصدیق کی ہے۔ ڈراموں کے ترجمے پر تیزی سے کام جاری ہے۔پی ٹی وی حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں سعودی عرب میں نشر کرنے کے لیے 1980ء کی دہائی کی معروف ڈرامہ سیریلز 'دھوپ کنارے' اور 'تنہائیاں' کا نام فائنل کر لیا گیا ہے۔

'دھوپ کنارے' پاکستان ٹیلی ویژن سے سن 1987 میں نشر ہوا تھا اور اس کی نمایاں کاسٹ میں راحت کاظمی، مرینہ خان، کہکشاں اعوان، بدر خلیل، قاضی واجد، ساجد حسن، حمید وائیں، عذرا شیروانی اور ارشد محمود شامل تھے۔اسے حسینہ معین نے لکھا تھا جب کہ پروڈیوسر اور ڈائریکٹر ساحرہ کاظمی تھیں۔

'تنہائیاں' کا شمار بھی 'پی ٹی وی' کے کلاسک ڈراموں میں ہوتا ہے۔ سن 1985 میں نشر ہونے والے اس ڈرامے کی کاسٹ میں آصف رضا میر، شہناز شیخ، مرینہ خان، بہروز سبزواری، قاضی واجد، عذرا شیروانی، یاسمین اسماعیل اور جمشید انصاری شامل تھے۔

ان ڈراموں کی مقبولیت کا یہ عالم تھا کہ ان کی ٹیلی کاسٹ ہونے کے وقت یعنی رات آٹھ بجے سڑکوں پر سناٹا چھا جاتا تھا اور جو لوگ گھر پر نہیں ہوتے تھے وہ دکانوں، مارکیٹس اور ہوٹلوں میں جا کر یہ ڈرامے دیکھا کرتے تھے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں