.

حوثی ملیشیا الحدیدہ سے طاقت کے استعمال کے بغیر نہیں نکلے گی: یمن

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن کے ساحلی شہر الحدیدہ میں حکومتی عمل داری کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی کے سربراہ میجر جنرل صغیر بن عزیز نے کہا ہے کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ حوثی ملیشیا نے امن کی تمام کوششیں ناکام بنا دی ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ الحدیدہ سے حوثی ملیشیا پرامن طریقے سے نہیں بلکہ طاقت کے استعمال سے نکلے گی۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ'ٹویٹر' پو پوسٹ کردہ ایک بیان میں یمن کے حکومتی عہدیدار نے کہا کہ یمن کے لیے اقوام متحدہ کے امن ایلچی مارٹن گریفتھس نے امن کے قیام کے لیے جو بھی اقدام کیا، حوثیوں نے اس کی پابندی نہیں کی۔

میجر جنرل صغیر بن عزیز کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کی یہ شہرت ہےکہ یہ لوگ امن کی زبان نہیں سمجھتے۔ انہیں ہرعلاقے سے طاقت سے نکالا گیا۔ کوئی ایک واقعہ ایسا نہیں جس میں حوثیوں کو صلح یا مفاہمتی معاہدے کے تحت نکالا گیا ہو۔

ان کا کہنا تھا کہ مارٹن گریفتھس اس وقت تک صنعاء نہیں جائیں گے جب تک حوثی ملیشیا الحدیدہ شہر اور بندرگاہ حکومت کے حوالے کرنے کے معاہدے پرعمل درآمد کی یقین دہانی نہیں کرائے گی۔