.

شاہ سلمان کی سوڈان کو فوری انسانی امداد کی فراہمی کی ہدایت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نےسوڈان میں سیاسی تبدیلی کے عمل کےدوران حکومت کو درپیش مشکلات دور کرنے اور فوری انسانی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق شاہ سلمان نے سوڈان میں آنے والی تبدیلی میں عوام کی خواہشات کا احترام کرنے اور سوڈانی قوم کے مستقبل کے لیے بہتر فیصلے کرنے توقع ظاہرکی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سوڈان کی عبوری کونسل کےاقدامات کی حمایت کرتی ہے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق سعودی حکومت سوڈان میں آنے والی تبدیلی پرگہری نظر رکھےہوئے ہے۔ ریاض کو توقع ہے کہ سوڈان کی فوجی عبوری کونسل برادر ملک کو مضبوط بنانے اور ملک کے اندرونی استحکام اورخلفشار کے خاتمے میں معاون ثاتب ہوگی۔

سعودی حکومت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوڈان اور سعودیہ کےدرمیان تاریخی ، تزویراتی اور تمام شعبوں میں وسیع تعلقات قائم ہیں۔ سعودی عرب سوڈان میں آنے والی سیاسی تبدیلی کی حمایت اور عبوری کونسل کواپنے مکمل تعاون کا یقین دلاتا ہے۔

بیان میں مزیدکہا گیا ہے کہ سوڈان کا استحکام سعودی عرب کی اولین ترجیح ہے۔ برادر ملک کو اندرونی بحران سے نکالنے کے لیے ہرممکن امداد فراہم کی جائے گی۔ سعودی عرب سوڈانی قوم کی مفاد اور اس کی ضرورت کے مطابق انسانی امداد کی فراہمی جاری رکھے گی۔ اسی ضمن میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے سوڈانی قوم کے لیے فوری انسانی امداد کی فراہمی کی ہدایت کی گئی ہے۔