.

الحرمین الشریفین: رمضان میں زائرین کی خدمت کے لیے 12 ہزار اہل کار مامور

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں حرمین شریفین (مسجد حرام اور مسجد نبوی) کے امور کے سربراہ شیخ ڈاکٹر عبدالرحمن السدیس نے اعلان کیا ہے کہ جنرل پریذیڈنسی نے 1440 ہجری کے رمضان مبارک کے لیے اپنی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اس سلسلے میں 12 ہزار سے زیادہ مرد اور خواتین اہل کاروں کو بھرتی کیا گیا ہے جو اپنی اعلی اہلیت کے ساتھ شب و روز اللہ کے مہمانوں کی بھرپور خدمت کے واسطے سرگرم رہیں گے۔

شیخ السدیس کے مطابق حرمین کے امور کی جنرل پریذیڈنسی اس بات کی خواہاں ہے کہ حرمین شریفین کا رخ کرنے والے افراد کے لیے ایمانی فضاؤں اور مثالی ماحول میں عبادات اور مناسک کی ادائیگی کو ممکن بنایا جائے۔ اس سلسلے میں پیشہ وارانہ مہارت، اہلیت کی حامل افرادی قوت، جدید ترین ٹکنالوجی اور فعال شراکت کو بروئے کار لایا جائے گا۔

حرمین کے امور کے سربراہ نے رمضان آپریشنز سے متعلق تمام افراد پر زور دیا ہے کہ وہ اس ماہ مبارک کے دوران پورے اخلاص کے ساتھ خدمات انجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجتماعی کوشش سے مملکت کی حکیم قیادت کی اس خواہش کو ثابت کیا جائے کہ وہ فضیلت کے حامل اس ماہ میں حرمین شریفین کے مہمان اور تمام مسلمانوں کی خدمت میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرنا چاہتی۔

اپنے بیان کے اختتام پر شیخ السدیس نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مملکت کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے حق میں دعا کی کہ اللہ رب العزت انہیں حرمین شریفین آنے والوں کی خدمت کے بدلے بہترین جزا عطا فرمائے۔