.

ایمان افروز کیفیات میں مسجد حرام میں باران رحمت نے ماحول خوش گوار بنا دیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مسجد حرام ، حرم مکی اور اس کے مضافات میں ہفتے کے روز باران رحمت نے زائرین بیت اللہ کے چہروں کو ایک نئی تازگی بخش دی۔ حرم مکی اور اطراف میں گذشتہ روز ایک ایسے وقت میں ہلکی بارش ہوئی جب ماہ صیام کے موقع پر زائرین اورمعتمرین روحانی فیوض وبرکات سمیٹنے میں مصروف ہیں۔

باران رحمت نازل ہوتے ہی اہل ایمان باہر نکل آئے اور انہوں نے سخت گرمی کے موسم میں باران رحمت کے نزول پر شکر خدا وندی ادا کیا۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق معتمرین اور زائرین حرم مکی کو بارش کے ماحول کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے میں مگن ہوگئے۔ دوسری جانب حرمین شریفین کے انتظامی امور کے ادارے کی طرف سے بارش کے موقع پرمسجد حرام کے بیرونی مقامات کی صفائی یقینی بنانے کےلیے 2000 اضافی خدام تعینات کررکھےہیں جو چوبیس گھنٹے کی بنیاد پرمسجد کی صفائی اور طہارت کو یقینی بنانے میں سرگرم ہیں۔ بارش کے دوران صحن مطاف کو صرف 30 منٹ کےاندر اندر صاف کرلیا جاتا ہے۔