.

مکہ کلاک ٹاور کی بلندیوں سے حرم مکی کی دل موہ لینے والی تصاویر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مکہ مکرمہ سے تعلق رکھنے والے ایک سعودی فوٹوگرافر محمد ولید البستانی نے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرتے ہوئے حرم مکی کی انتہائی خوب صورت اور روح پرور تصاویر پیش کی ہیں۔ تصاویر میں پیش کیے جانے والے مناظر اس مقدس مقام کی روحانیت کو منفرد انداز سے اجاگر کرتے ہیں۔

البستانی نے "العربیہ ڈاٹ نیٹ" سے اپنی گفتگو میں بتایا کہ انہیں بچپن سے ہی فوٹوگرافی سے عشق ہے۔ انہوں نے 2009 میں پیشہ وارانہ طور پر فوٹوگرافی کی دنیا میں قدم رکھا۔ البستانی نے مکہ کے یادگاری مقامات، نشانیوں اور جمال کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنے کے لیے مکہ مکرمہ کے سیکریٹریٹ میں میڈیا اینڈ پبلیکشنز کے شعبے کے واسطے کام کیا۔

البستانی نے بتایا کہ "میں کئی سرکاری اداروں کے ساتھ بالخصوص مکہ مکرمہ میں معاون کے طور پر یا کنٹریکٹ پر کام کر رہا ہوں۔ میں پوری دنیا کو یہ پیغام پہنچانا چاہتا ہوں کہ اس عظیم شہر کے تمام پہلو کس قدر اہمیت کے حامل ہیں اور یہ کہ مملکت کی حکومت مقدس مقامات کو ترقی دینے کے لیے کیسی انتھک کوششوں میں مصروف ہے"۔

البستانی کی تصاویر میں رمضان سے قبل کی ایک فضائی تصویر بہت نمایاں ہو کر سامنے آئی ہے جو انہوں نے کلاک ٹاور کی چوٹی پر نصب سنہرے ہلال کے درمیان سے لی۔ ان کا کہنا ہے کہ "اس تصویر نے عالمی سطح پر وسیع طور پذیرائی حاصل کی۔ اس سے پہلے بھی مکہ مکرمہ سے متعلق میری کئی تصاویر دنیا بھر میں وائرل ہو چکی ہیں"۔

سعودی فوٹوگرافر نے مزید کہا کہ "حرم مکی، مسجد نبوی اور دیگر مذہبی مقامات کے مناظر کو کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کرنا کسی بھی فوٹوگرافر کے واسطے اہم ترین اعزاز شمار ہوتا ہے۔ ان مناظر کو دنیا بھر میں پہنچانے کی لگن ہی فوٹوگرافر کو مجبور کر دیتی ہے کہ وہ ان مناظر کو منفرد اور حیران کر دینے والے زاویوں سے محفوظ کرے"۔