.

ترکی کے بعد ایران سے بھی ڈالر کو آگ لگانے کی صدائیں سنائی دینے لگی!

سپاہ پاسداران انقلاب کے کمانڈر غلام رضا جلالی نے امریکی کرنسی کو سرعام نذر آتش کرنے کی کال دے دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ایرانی سپاہ پاسداران انقلاب کے شعبہ جامد دفاع کے سربراہ غلام رضا جلالی نے ایرانی عوام پر زور دیا ہے کہ وہ امریکی کرنسی ڈالر کو سڑکوں پر رکھ کرآگ لگا دیں۔

خبر رساں ایجنسی'ایسنا' کے مطابق غلام رضا جلالی پاسداران انقلاب کے شعبہ جامد دفاع کےعہدیداروں کے ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ ان کا کہنا تھا اگر ترکی کی طرح ایرانی عوام میں‌ بھی امریکی ڈالر کو نذرآتش کرنے کا جذبہ پیدا ہو جائے تو اس سے ایران کی قومی کرنسی پر انحصار بڑھے گا اور یہ اقدام دشمن کی کمزور رگ پر حملے کے مترادف ہوگا۔

غلام رضا جلالی نے دعویٰ کیا کہ چین، روس، ترکی اور ایران مل کر ڈالر کو عالمی مالیاتی نیٹ ورک سے نکال باہر کریں‌۔ان کا کہنا تھا کہ مالیاتی لین دین سے ڈالر کو نکال باہر کرنے پر اتفاق رائے سے امریکا کا اقتصادی طاقت کا گھمنڈ ٹوٹ جائے گا۔

سپاہ پاسداران انقلاب کے رہنما کا کہنا تھا کہ ڈالرکی قیمت امریکا کا کمزور پہلو ہے۔ اقتصادی ماہرین کا کہنا ہےکہ تیل کی قیمت 120 سے 100 ڈالر فی بیرل ہونے سے ایران کے خلاف امریکی پابندیاں ختم ہو جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا اور یورپی تیل کی اتنی زیادہ قیمت برداشت نہیں کرسکتے۔