.

اسلام کی اعتدال پسندانہ اقدار کے عنوان سے رابطہ عالم اسلامی کی عالمی کانفرنس

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

رابطہ عالم اسلامی کے زیراہتمام اسلام کی اعتدال پسندانہ تعلیمات اور دین متین کی روشن اقدار کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس مکہ معظمہ میں شروع ہو گی۔ اس کانفرنس کی سرپرستی خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیزآل سعود کریں گے۔ کانفرنس کے اختتام پر 'اعلان مکہ' جاری کیا جائے گا۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق رابطہ عالم اسلامی کے جنرل سیکرٹری الشیخ ڈاکٹرمحمد بن عبدالکریم العیسیٰ نے کانفرنس کے انعقاد کی کوشش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ کوشش ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب سعودی حکومت عالم اسلام کی توقعات کے مطابق مشترکہ اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے کام کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس کانفرنس کے انعقاد کا مقصد اسلام کی اعتدال پسندانہ تعلیمات کو فروغ دینا ہے۔

العیسیٰ کا کہنا تھا کہ چار روز تک جاری رہنے والی کانفرنس میں مسلم دنیا کے جید علماء کرام، دانشور اور سرکردہ شخصیات شرکت کریں‌ گے۔ انہوں‌ نے کہا کہ اسلام کے اعتدال پسندانہ طرزعمل اور اعتدال پسندانہ تعلیمات سے پہلو تہی اختیار کر کے اسلام کے زریں اخلاقی اصولوں اور سنت نبویﷺ سے انحراف کرنے سے مشکلات پیدا ہوئیں۔ مسلم امہ کے نوجوانوں کو اسلام کی اعتدال پسندانہ تعلیمات سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔