.

معتمرین سے #مکہ_سمٹ کامیاب بنانے کے لئے تعاون کی اپیل

مسجد حرام آنے جانے کے لئے ایسا مناسب وقت چنا جائے جب رش نہ ہو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مکہ المکرمہ انتظامیہ نے سعودی شہریوں اور عارضی سکونت رکھنے والے غیر ملکیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ مقدس شہر میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر ہونے والے خلیجی، عرب اور اسلامی سربراہی سمٹ کو کامیاب بنانے میں اپنا حصہ ادا کرتے ہوئے عمرہ اور مسجد حرام زیارت کے لئے آنے کے ایسے مناسب اوقات کا انتخاب کریں جب علاقے میں بہت زیادہ رش نہ ہو۔ سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ اجلاس 25 سے 27 رمضان کو مکہ المکرمہ میں ہو رہے ہیں۔

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے رواں ماہ کی 19 تاریخ کو خلیج تعاون کونسل اور عرب قائدین کو جی سی سی اور عرب لیگ کے 25 رمضان 1440ھ بمطابق 30 مئی 2019ء کو ہونے والے ہنگامی سربراہی اجلاسوں میں شرکت کی دعوت دی تھی تاکہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے خلاف حالیہ دنوں میں ہونے والی جارحیت کے تناظر میں برادر ملکوں کے درمیان خطے میں امن واستحکام بہتر بنانے کے لئے مشاورت کی جا سکے۔

گذشتہ ہفتے سعودی پریس ایجنسی نے ایک نشریئے میں بتایا تھا کہ سعودی فرمانروا نے جی سی سی اور عرب لیگ میں شامل رکن ملکوں کی برادر قیادت کو 30 مئی کو دونوں اہم علاقائی پلیٹ فارم کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی ہے تاکہ خلیج کے علاقے میں ہونے والی حالیہ جارحیت اور خطے پر اس کے اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔

خلیج تعاون کونسل اور عرب لیگ کے سربراہی اجلاس کے ساتھ اگلے روز 31 بروز جمعہ الوداع اسلامی تعاون تنظیم ’’او آئی سی‘‘ کا #مکہ_سمٹ بھی منعقد ہونے جا رہا ہے۔