.

امریکا کے امن مندوبین رواں‌ ہفتے مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں‌ گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

وائٹ ہائوس کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے مشیر اور فلسطین واسرائیل کے درمیان امن منصوبے کے نگران جیرڈ کوشنر رواں ہفتے عرب ممالک اور مشرق وسطیٰ کا دورہ کریں گے۔ اپنے اس دورے کے دوران کوشنر مراکش، اردن اور القدس بھی جائیں گے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وائٹ ہائوس کے ایک عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ صدر ٹرمپ کے داماد اور ان کے خصوصی مشیر مراکش، اردن اور اسرائیل کا دورہ کریں گے۔ مشرق وسطیٰ‌ کے لیے امریکا کے خصوصی ایلچی جیسن گرین بیلٹ اور ایران کے لیے امریکی معاون خصوصی برائن ہوک بھی ان کے ہمراہ ہوں‌ گے۔ تاہم ذرائع نے اس دورے کی مزید تفصیلات بیان نہیں کیں۔

خیال رہے کہ جیرڈ کوشنر گذشتہ دو سال سے ایک امن روڈ میپ پر کام کر رہے ہیں جس کے تحت فلسطین اور اسرائیل کے درمیان جاری دیرینہ تنازع کے حل کی راہ ہموار کرنا ہے۔ عرب ممالک کے دورے کے بعد امریکی ایلچیوں‌ کا وفد یکم جون کو سوئٹزرلینڈ اور برطانیہ بھی جائے گا۔

امکان ہے کہ امریکا 25 اور 26 جون کو بحرین میں ہونے والی عالمی اقتصادی کانفرنس کے موقع پر فلسطینیوں‌ اور اسرائیل کے درمیان اپنے امن منصوبے کا اعلان کرے گا۔ تاہم اب تک اس منصوبے کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔

فلسطینی اتھارٹی نے منامہ میں ہونے والی عالمی اقتصادی کانفرنس کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔