.

عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر کو قتل کی تحریری دھمکی پر حزب اللہ کی مہر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

ذرائع نے العربیہ کو بتایا ہے کہ عراقی حزب اللہ ملیشیا کے عناصر کی جانب سے چند روز قبل عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد الحلبوسی کو قتل کی دھمکی دی گئی ہے۔ دھمکی کا سبب امریکی ایرانی تنازع کے حوالے سے الحلبوسی کا موقف ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ عناصر کی جانب سے بھیجے گئے دھمکی آمیز خط پر عراقی حزب اللہ کا لوگو اور مہر موجود تھی۔ تفصیلات کے مطابق الحلبوسی کے سکریٹری کی گاڑی کو دارالحکومت بغداد کی ایک سڑک پر روکا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ وہ یہ خط ذاتی طور پر عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر کے حوالے کرے۔ گاڑی روکنے والا شخص ابو حیدر کے نام سے جانا جاتا ہے اور وہ عراقی حزب اللہ ملیشیا کی قیادت میں شامل ہے۔

اس سے قبل عراقی پارلیمنٹ کے اسپیکر یہ باور کرا چکے ہیں کہ ان کا ملک ایک بار پھر امریکا اور ایران کے درمیان بحران کے حل کے لیے ثالثی بننے کے لیے تیار ہے۔ الحلبوسی نے واضح کیا کہ بغداد اپنے طور پر واشنگٹن اور تہران کے درمیان وساطت کار کا کردار ادا کرنے کو تیار ہے مگر فریقین میں سے کسی نے سرکاری طور پر اس کا مطالبہ نہیں کیا۔