.

اسلام کی خدمت میں سعودی عرب کا قائدانہ کردار رہا ہے : عرب اور عالمی میڈیا

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مکہ مکرمہ میں خلیج تعاون کونسل اور عرب لیگ کے ہنگامی اجلاسوں اور 14 ویں اسلامی تعاون تنظیم کانفرنس کی کوریج میں شریک متعدد میڈیا پرسنز نے مملکت سعودی عرب کے اہم اور قائدانہ کردار کو سراہا ہے۔ میڈیا پرسنز کے مطابق عرب اور اسلامی دنیا کی صفوں کو متحد کرنے اور عرب اور اسلامی دنیا کو درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے سعودی عرب کی مسلسل مساعی قابل قدر ہیں۔ انہوں نے مکہ میں مذکورہ اہم ایونٹس کی کوریج کے لیے سعودی وزارت اطلاعات کی تیاریوں اور میڈیا کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی بھی تعریف کی۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کو دیے گئے بیان میں میڈیا پرسنز نے اس امید کا اظہار کیا کہ خلیج، عرب اور اسلامی ممالک کی سطح پر ہونے والے سربراہ اجلاس کامیابی کے ساتھ اپنے مقاصد حاصل کریں گے۔

اس موقع پر تیونس اور مراکش کے سینئر میڈیا پرسنز نے عرب اور اسلامی دنیا کے مسائل کے حل کے لیے خادم حرمین شریفین کی جانب سے کی جانے والی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر سربراہ اجلاسوں کا انعقاد بہت زیادہ اہمیت رکھتا ہے بالخصوص جب کہ وہ مملکت سعودی عرب کے شہر مکہ مکرمہ میں بیت اللہ کے نزدیک منعقد ہو رہے ہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ سعودی وزارت اطلاعات کی جانب سے پیش کی جانے والی سہولیات تمام میڈیا پرسنز کے لیے قابل فخر ہیں۔

ادھر چینی ٹیلی وژن کے نمائندے چاؤ لی نے اسلامی یک جہتی کے مقصد کے ساتھ منعقد کیے جانے والے سربراہ اجلاسوں کی اہمیت کو باور کرایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں ان اجلاسوں کے بعد سامنے آنے والے نتائج اور متعلقہ مسائل کے حلوں پر ہیں اور چینی میڈیا بھی اپنے تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے ان اجلاسوں کو خصوصی توجہ دے رہے ہیں۔ چینی نمائندے کے مطابق تینوں سربراہ اجلاسوں کی کوریج کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات پر بطور میڈیا پرسنز ہم سب کو فخر ہے۔