.

مصر اور سعودی عرب کا مستقبل اور منزل ایک ہے: عبدالفتاح السیسی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصری ایوان صدر نے حال ہی میں مکہ معظمہ میں ہونے والے عرب لیگ اور اسلامی تعاون تنظیم 'او آئی سی' کے سربراہ اجلاسوں کے دوران صدر عبدالفتاح السیسی اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے درمیان ملاقات کی تفصیلات جاری کی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق سعودی فرمانروا نے صدرعبدالفتاح السیسی کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر شاہ سلمان نے مصری قوم اور قیادت کے لیے محبت واحترام پر مبنی جذبات و احساسات کا اظہار کیا۔ انہوں‌ نے دونوں برادر ملکوں کےدرمیان تعلقات کو مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

تفصیلات کے مطابق ملاقات کےدوران مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا کہ سعودی عرب اور مصر کی منزل اور مستقبل ایک ہے۔ انہوں نے عالمی سطح پر اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں میں قاہرہ اور الریاض کےدرمیان ہم آہنگی کی ضرورت پرزور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے ساتھ تزویراتی تعلقات کو مستحکم کرنا مصر کی مستقل سیاسی پالیسی کا حصہ اورخارجہ پالیسی کی اولین ترجیح ہے۔

مصری صدر نے شاہ سلمان کو 'او آئی سی' اور عرب لیگ کے کامیاب اجلاس منعقد کرنے پراپنی حکومت اور عوام کی طرف سے مبارک باد پیش کی۔ ذرائع کے مطابق شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور مصری صدر عبدالفتاح السیسی کے درمیان ہونے والی ملاقات میں مشرق وسطیٰ کے سلگتے مسائل، دو طرفہ فوجی تعاون، دہشت گردی کے خلاف جنگ، ایرانی مداخلت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

عرب لیگ کے سربراہ اجلاس سے خطاب میں صدر السیسی نے کہا تھا کہ خلیجی خطے کی سلامتی پوری عرب اقوام کی سلامتی کا حصہ ہے۔ سعودی عرب کی قومی سلامتی اور مصر کی قومی سلامتی لازم و ملزوم ہیں۔