.

سعودی عرب : خمیس مشیط کے اوپر حوثیوں کے 2 ڈرون طیارے تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی رائل ایئرفورس نے پیر کے روز دو ڈرون جاسوس طیارے مار گرائے جو ایران نواز دہشت گرد حوثی ملیشیا نے مملکت کے شہر خمیس مشیط کی سمت بھیجے تھے۔ یہ بات یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد کی فورسز کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے منگل کے روز بتائی۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق المالکی کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا بارہا شہری تنصیبات کو نشانہ بنانے کی کوششیں کر رہی ہے تاہم اس کی معاندانہ اور غیر ذمے دارانہ کارروائیوں کا مقصد پورا نہیں ہو رہا اور ہر بار ان ڈرون طیاروں کا پتہ چلا کر انہیں مار گرایا جاتا ہے۔

ترجمان نے باور کرایا کہ مملکت اس طرح کی دشمنانہ کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی انسانی قانون کی رعایت کرتے ہوئے مناسب جوابی اقدامات پر عمل درامد کا قانونی حق رکھتا ہے۔

یاد رہے کہ 26 مئی کو عرب اتحاد نے ایک ڈرون طیارہ مار گرانے کا اعلان کیا تھا۔ دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے بھیجا جانے والا یہ طیارہ دھماکا خیز مواد لے کر جازان میں کنگ عبداللہ ایئرپورٹ کی جانب جا رہا تھا۔ سعودی فضائی دفاعی فورسز نے 23 مئی کو بھی نجران کے ایئرپورٹ کی سمت گامزن حوثیوں کا ایک ڈرون طیارہ مار گرایا تھا۔