.

مصر: العریش میں بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک دہشت گردوں کا حملہ، چار افراد ہلاک

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مصر کے شورش زدہ شمالی صوبے سیناء کے دارالحکومت العریش کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک دہشت گردوں کے حملے میں چار افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ العربیہ نیوز چینل کے نمایندے کی اطلاع کے مطابق دہشت گردوں نے دو کاروں کو اپنے حملے میں نشانہ بنایا ہے۔

فور ی طور پر کسی گروپ نے اس حملےکی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ مصر میں جولائی 2013ء میں پہلے منتخب صدر مرحوم ڈاکٹر محمد مرسی کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے انتہا پسند گروپ سکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو اپنے حملوں میں نشانہ بنا رہے ہیں اور ان کے حملوں میں سیکڑوں فوجی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

مصری صدر عبدالفتاح السیسی کی ہدایت پر سکیورٹی فورسز گذشتہ سال فروری سے شورش زدہ جزیرہ نما سیناء ، دارالحکومت قاہرہ اور دوسرے علاقوں میں داعش اور دوسرے مسلح انتہا پسندوں کے خلاف ایک بڑی کارروائی کررہی ہیں۔اس کارروائی میں اب تک 600 سے زیادہ جنگجو ہلاک ہو چکے ہیں۔