.

آسٹریلیا کی طرف سے ایران پر اقتصادی پابندیوں کا خیر مقدم کریں گے: پومپیو

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ ان کا ملک آسٹریلیا کی طرف سے ایران پر اقتصادی پابندیاں لگانے کے کسی بھی فیصلے کا خیر مقدم کرے گا۔

'سی بی ایس' ٹیلی ویژن نیٹ ورک کے مطابق مائیک پومپیو نے کہا کہ آسٹریلیا ایک بڑی عالمی معاشی قوت ہے۔ اگر اس کی طرف سے ایران پر اقتصادی پابندیاں عاید کی جاتی ہیں تو امریکا اس اقدام کا خیر مقدم کرے گا۔

مائیک پومپیو نے کہا کہ ایران 40 سال سے دہشت گردی کی پشت پناہی کر رہا ہے۔ دہشت گردی کی حمایت اور مدد کرنے والے مُلک کے خلاف آسٹریلیا اور دوسرے ممالک کو پابندیاں عاید کرنی چاہئیں۔

خیال رہے کہ آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے جاپان میں 'جی ٹوئنٹی' سمٹ کے موقع پر امریکی صدر ڈنلڈ ٹرمپ سے ملاقات کی۔ اس موقع پر آسٹریلوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ امریکا دوست اور اتحادی ملک ہے اور اس کی ہر درخواست کو قبول کیا جائے گا۔

اُدھر ایک دوسری پیش رفت میں امریکی وزیر خزانہ سٹیون منوچن نے کہا ہے کہ امریکا، ایران پر 100 فی صد اقتصادی پابندیاں عاید کرنے کی پالیسی پرعمل پیرا ہے تاکہ ایرانی رجیم کی معیشت کو کمزور تر کیا جا سکے۔ انہوں‌ نے کہا کہ ایران میں تمام انسانی سہولیات پابندیوں سے مستثنیٰ ہیں۔ ہمارا مسئلہ ایرانی قوم نہیں بلکہ ہم ایران کے حکمران نظام کے خلاف بر سر پیکار ہیں۔