.

امریکا نے لبنانی پارلیمان میں حزب اللہ کے دو ارکان پر پابندیاں عاید کردیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکا کی ٹرمپ انتظامیہ نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے مزید تین کارکنان پر پابندیاں عاید کردی ہیں۔ان میں لبنانی پارلیمان کے دو منتخب ارکان بھی ہیں۔ان پر اپنا اثرورسوخ بروئے کار لاتے ہوئے حزب اللہ کی سیاسی ومالی معاونت کا الزام عاید کیا گیا ہے۔

امریکا کے محکمہ خزانہ نے منگل کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ حزب اللہ کی سیاسی اور سکیورٹی کی شخصیات کو اپنے عہدوں سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے تنظیم کے ضرررساں ایجنڈے کی معاونت اور ایران کے آلہ کار کا کردار ادا کرنے پر دہشت گرد قرار دیا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ نے لبنانی پارلیمان کے جن دو ارکان پر پابندیاں عاید کی ہیں، ان کے نام امین شری اور محمد حسن رعد ہیں۔ان کے علاوہ شیعہ ملیشیا کےایک سکیورٹی عہدے دار وفیق صفا بھی امریکا کی ان نئی پابندیوں کی زد میں آگئے ہیں۔

محکمہ خزانہ کے انڈر سیکریٹری برائے دہشت گردی اور مالیاتی انٹیلی جنس سیگل مینڈلکر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ حزب اللہ اپنے کارکنان کو لبنانی پارلیمان میں اداروں کی مالیاتی اور سکیورٹی مفادات کے لیے حمایت کے حصول کی غرض سے استعمال کررہی ہے اور ایران کی تخریبی سرگرمیوں کو تقویت دے رہی ہے۔‘‘

انھوں نے بیان میں مزید کہا کہ ’’حزب اللہ لبنان اور خطے بھر کی سلامتی اور استحکام کے لیے خطرے کا موجب ہے اور وہ یہ سب کچھ لبنانی عوام کی قیمت پر کررہی ہے۔امریکا لبنانی حکومت کی اپنے اداروں کو ایران اور اس کی گماشتہ دہشت گرد تنظیموں کے استحصال سے بچانے کے لیے کوششوں کی حمایت جاری رکھے گا تاکہ وہ لبنان کے ایک پُرامن اور خوش حال مستقبل کو محفوظ بنا سکے‘‘۔

امریکا نے یہ اقدام ایسے وقت میں کیا ہے جب اس نے ایران اور مشرقِ اوسط میں حزب اللہ سمیت اس کے گماشتہ گروپوں کے خلاف دباؤ بڑھا رکھا ہے۔امریکا ایران اورحزب اللہ پر دہشت گردی کے حملوں کی حوصلہ افزائی کا الزام عاید کرتا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے کہ محکمہ خزانہ نے حزب اللہ کے دو قانون سازوں کو بلیک لسٹ قراردیا ہے۔اب امریکی شہری اورادارے ان کے ساتھ کوئی کاروبار نہیں کرسکیں گے۔ان کے علاوہ سرکردہ بین الاقوامی بنک بھی ان کے ساتھ کوئی مالی لین دین نہیں کریں گے۔

امریکی انتظامیہ کے ایک سینیر عہدہ دار نے اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی شرط پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ’’دنیا بھر میں اب دوسری اقوام کے لیے یہ یقین کرنے کا وقت آگیا ہے اور وہ یہ تسلیم کریں کہ حزب اللہ کے سیاسی ونگ اور اس کے عسکری بازو میں کوئی فرق نہیں ہے‘‘۔

ان کا کہنا تھا کہ حزب اللہ کا کوئی بھی رکن جو کسی سیاسی عہدے کا امیدوار ہے تو اس کو جان لینا چاہیے کہ وہ کسی سیاسی دفتر کی چھتری تلے چھپ نہیں سکتا ہے۔

امریکا کی نئی پابندیوں کی زد میں آنے والے چونسٹھ سالہ رعد حزب اللہ کے پارلیمانی بلاک کے سربراہ ہیں۔ وہ 1992ء سے لبنانی پارلیمان کے رکن منتخب چلے آرہے ہیں۔باسٹھ سالہ امین شری گذشتہ سترہ سال سے لبنانی پارلیمان میں بیروت کی نمایندگی کررہے ہیں۔

محکمہ خزانہ نے وفیق صفا کے بارے میں یہ کہا ہے کہ وہ مخیّر حضرات سے حزب اللہ کے تعلقات کو برقرار رکھنے کے ذمے دار ہیں۔وہ مبیّنہ طور پر ہتھیاروں اور منشیات کی اسمگلنگ کے دھندے میں ملوّث رہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا نے 2017ء میں حزب اللہ کودہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کےالزام میں بلیک لسٹ قراردیا تھا اور اس سے وابستہ کارکنان ، لیڈروں اور اداروں پر پابندیاں عاید کرنا شروع کی تھیں۔اب تک اس ملیشیا اور سیاسی جماعت سے تعلق رکھنے والے پچاس افراد پرامریکا پابندیاں عاید کرچکا ہے۔