.

عازمین حج میں کسی قسم کے وبائی مرض کی نشاندہی نہیں ہوئی: سعودی وزارت صحت

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارت صحت نے ایک بیان میں اطمینان دلایا ہے کہ مملکت میں پہنچنے والے عازمین حج میں اب تک کوئی وبائی مرض سامنے نہیں آیا اور نہ ہی کسی قسم کے مہلک مرض کا موجب بننے والے وائرس کی کوئی رپورٹ ملی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وزارت صحت کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب پہنچنے والے تمام عازمین حج ہر طرح کے وبائی امراض اور متعدی بیماریوں سے محفوظ ہیں۔ عازمین حج کی صحت کے حوالے سے اطمینان بخش معلومات ملی ہیں۔ عازمین حج کو اس حوالے سے پریشان ہونے کی چنداں ضرورت نہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت کے نزدیک عازمین حج کی صحت تمام چیزوں پر مقدم ہے اور اس حوالے سے عالمی ادارہ صحت اور صحت کے شعبے میں کام کرنے والے دیگر عالمی اداروں کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں۔

سعودی عرب میں بین الاقوامی امراض کی تشخیص کے لیے طبی مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ پوری دنیا میں موجود سعودی سفارت خانوں کی مدد سے وہاں کے عازمین کی صحت اور جسمانی تندرستی یقینی بنائے کے لیے ضروری قواعد وضع کیے گئے ہیں۔

وزارت صحت کا کہنا ہے کہ یکم ذی القعدہ سے اب تک 2 لاکھ 57 ہزار 981 عازمین حج حجاز مقدس پہنچ چکے ہیں۔ 87 اعشاریہ 4 فی صد عازمین حج کو حفاظتی ویکسین پلائی جا چکی ہے۔