.

سعودی عرب نے حج کے خواہاں قطریوں کے لیے نئی آن لائن رجسٹریشن سروس قائم کردی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب نے قطرکے عازمین حج کی آن لائن رجسٹریشن کی سہولت کے لیے سابقہ تمام رابطے بند ہونے کے بعد نئی آن لائن رجسٹریشن سروس قائم کردی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ قطری حکومت سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ آن لائن رجسٹریشن سروس بند کرکے اپنے ملک کے شہریوں کو فریضہ حج کی ادائی سے محروم نہ کرے۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی'ایس پی اے' کے مطابق خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اورشہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز نے متعقلہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ 1440ھ کے حج سیزن کے موقع پر حسب سابق قطری بھائیوں کے لیے ہرممکن سہولت فراہم کریں۔ اس حوالے سے وزارت حج نے ایک نئی آن لائن ویب سائیٹ(https://qh1440.haj.gov.sa) قائم کی ہے جس پر حج کے خواہاں قطری شہری اپنی رجسٹریشن کراسکتے ہیں۔

بیان میں‌کہا گیا ہے کہ سعودی حکومت قطر سے آنےوالے عازمین حج کی ہرممکن مدد کو یقینی بنانے کے ساتھ دنیا بھر سے آئے اللہ کے مہمانوں کو مناسک حج کے دوران مکمل مدد فراہم کرنے کےلیے پرعزم ہے۔ بیان میں واضح کیا گیا ہےکہ سعودی عرب قطری شہریوں کے فریضہ حج میں کسی قسم کی رکاوٹ کو گورا نہیں کرے گا۔ قطری حکومت کو چاہیے کہ وہ حج جیسے عظیم فریضے کو سیاسی رنگ نہ دے اور اپنے ملک کے باشندوں کو حج کی ادائی کے لیےمکمل آزادی فراہم کرے۔