.

سلطنت عُمان کے وزیرخارجہ آئندہ ہفتے ایران کا دورہ کریں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

خلیجی ریاست سلطنت عُمان کا ایک سینیر عہدیدار آئندہ ہفتے ایران کا دورہ کرے گا۔ عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کی طرف سے جاری ایک خبر میں‌ بتایا گیا ہے کہ خارجہ امور کے وزیر یوسف بن علوی بن عبداللہ آہندہ ہفتے ایران کا دورہ کریں‌ گے۔ اس دورے میں وہ ایرانی حکام کے ساتھ خطے کی صورت حال پر بات چیت کریں گے۔

کل اتوار کے روز سلطنت عمان نے ایران پر زور دیا تھا کہ وہ برطانیہ کا تحویل میں لیا تیل بردار جہاز فورا چھوڑ دے۔ یہ جہاز ایرانی پاسداران انقلاب نے جمعہ کے روز آبنائے ہرمز سے تحویل میں لے لیا تھا۔ مسقط نے لندن اور تہران پر تحمل سے کام لینے اور مسائل کو سفارتی ذرائع اور بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

عمان کی وزارت خارجہ کے ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ مملکت آبنائے ہرمز میں عالمی جہازوں کی آمد ورفت پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔

عالمی جہاز رانی کے حوالے سے عمان تمام ملکوں سے بین الاقوامی قوانین کا احترام کرنے اور تحمل سے کام لینے پرزوردیتا ہے۔ عمان کا کہنا ہے کہ کسی ملک کو ایسا کوئی اقدام نہیں کرنا چاہیے جس سے عالمی جہاز رانی متاثر ہو اور خطے میں کشیدگی کو ہوا ملے۔

خیال رہے کہ متحدہ عرب امارات کی الفجیرہ بندرگاہ اور خلیج عمان میں تیل بردار جہازوں پر حملوں کا الزام ایران پر عاید کیا جاتا ہے۔