.

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ کی پہلی بارشمالی شام آمد

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ جنرل کینتھ میکنزی نے کل سوموار کو شمالی شام کے علاقوں کا دورہ کیا۔ عہدہ سنبھالنے کے بعد یہ ان کا شمالی شام کا پہلا دورہ ہے۔ اپنے اس دورے کے دوران انہوں‌نے سیرین ڈیموکریٹک فورسز کی قیادت سے ملاقات کی اور 'داعش' کے زیرحراست جنگجوئوں اور ان کے خاندانوں کے مستقبل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔

خیال رہے کہ جنرل میکنزی نے29 مارچ کو امریکی سینٹرل کمانڈ کا عہدہ سنبھالا تھا۔ سینٹرل کمانڈ امریکا کے بیرون ملک بالخصوص شام اور افغانستان میں جاری آپریشنز کی نگرانی کرتی ہے۔ اس سے قبل جنرل جوزف فوٹیل سینٹرل کمانڈ کے سربراہ تھے۔ ان کی ریٹائرمنٹ کے بعد یہ عہدہ جنرل مکینزی کو سونپاگیا۔

شام میں کرد ڈیموکریٹک فورسز جس میں کرد اور عرب جنگجو گروپ شامل ہیں امریکا کا حلیف تصور کیا جاتا ہے۔

جنرل میکنزی کا دورہ شام مشرق وسطیٰ کے دورے کا حصہ ہے۔ سوموار کو شمالی شام میں جنرل مکینزی نے سیرین ڈیموکریٹک فورسز کے سربراہ مظلوم عبدی سےملاقات کی۔ دونوں رہ نمائوں میں داعش کے حراست میں لیے گئے جنگجوئوں اور ان کے خاندانوں کے مستقبل، پناہ گزین کیمپوں اور پناہ گزینوں کی مشکلات اور شام میں داعش کے خلاف مشترکہ آپریشن سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا گیا۔