.

سعودی عرب : خواتین کے لیے "نوٹری" کی اسامیوں کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب میں وزارت انصاف نے اعلان کیا ہے کہ اسے مملکت میں "نوٹری پبلک" کے شعبے میں کام کرنے کے لیے ساتویں گریڈ میں خواتین اہل کاروں کی ضرورت ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق یہ اقدام وزیر انصاف شیخ ڈاکٹر ولید بن محمد الصمعانی کی ہدایات کے بعد سامنے آیا ہے۔ وزیر انصاف نے ہدایت کی تھی کہ نوٹری پبلک کے شعبے میں خواتین کو بھی بھرتی کیا جائے تا کہ خواتین شہریوں کے استفادے کو آسان بنایا جائے۔

وزارت انصاف نے کچھ عرصہ قبل پہلی مرتبہ قانون ، شریعہ ، سماجی ، انتظامی اور ٹکنالوجی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والی تعلیم یافتہ متعدد خواتین کو وزارت میں مختلف عہدوں پر مقرر کیا تھا۔

وزارت انصاف کے مطابق خواتین کے لیے نوٹری پبلک کی اسامیوں کا اعلان کل سے ایک ہفتے کے لیے کیا جائے گا۔ دل چسپی رکھنے والی خواتین وزارت انصاف کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست پیش کر سکتی ہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ سے گفتگو کرنے والے ذرائع نے انکشاف کیا کہ ابتدائی اقدام کے طور پر مملکت کے بڑے شہروں میں خواتین نوٹریز کا تقرر عمل میں آئے گا۔ بعد ازاں اس سلسلے کو بقیہ شہروں میں بھی منتقل کیا جائے گا۔ خواتین نوٹریز کے کام کرنے کے شعبے وہ ہی ہوں گے جو مردوں کے لیے ہیں۔ البتہ خواتین کا انتخاب صرف اسلامی شریعہ کے شعبے میں فارغ التحصیل خواتین میں سے کیا جائے گا۔