.

سعودی شہری ہوائی اڈوں کی سمت جانے والے حوثی ڈرون طیارے تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے عرب اتحاد نے پیر کے روز اعلان میں بتایا ہے کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی عرب کے شہری ہوائی اڈوں کی جانب بھیجے گئے ڈرون طیاروں کا راستہ روک دیا گیا۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق عرب اتحاد کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے بتایا ہے کہ سعودی رائل ایئرفورس اور فضائی دفاع کی فورسز آج صبح مملکت میں شہری ہوائی اڈوں کی سمت آنے والے ڈرون طیاروں کو مار گرانے میں کامیاب ہو گئیں .. یہ طیارے ایران کی حمایت یافتہ دہشت گرد حوثی ملیشیا نے بھیجے تھے۔

کرنل المالکی نے دہشت گرد حوثی ملیشیا کی جانب سے ہوائی اڈوں اور شہریوں اور مقیم افراد کو نشانہ بنانے کی وحشیانہ کوششوں اور بین الاقوامی انسانی قانون کی دھجیاں اڑانے پر روشنی ڈالی۔ ترجمان کے مطابق یہ کارستانیاں جنگی جرائم میں شمار ہوتی ہیں۔ انہوں نے باور کرایا کہ عرب اتحاد کی مشترکہ فورسز کی کمان اس دہشت گرد ملیشیا کے خلاف منہ توڑ اقدامات پر عمل درامد جاری رکھے گی۔ اس کا مقصد بین الاقوامی قوانین کے مطابق ملیشیا کی صلاحیتوں کو بھرپور انداز سے تباہ کر دینا ہے۔