دہشت گرد اس حرمت والے مہینے میں بے قصور افراد کا قتل کر رہے ہیں : الازہر

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:
مطالعہ موڈ چلائیں
100% Font Size
1 منٹ read

مصر میں معروف اور مؤقر ادارے الازہر نے دارالحکومت قاہرہ میں نیشنل کینسر انسٹی ٹیوٹ کے اطراف ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔

الازہر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ادارہ اور اس کے سربراہ ڈاکٹر احمد الطیب اس دہشت گرد کارروائی کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کرتے ہیں جس کے نتیجے میں متعدد بے قصور افراد ہلاک اور زخمی ہوئے۔

بیان کے مطابق اس حرمت والے مہینے میں عید الاضحی سے چند روز قبل بچوں ، عورتوں اور مریضوں سمیت بے قصور افراد کو نشانہ بنانا .. دہشت گرد جماعتوں کے حقیقی چہرے کو بے نقاب کر رہا ہے اور اس جھوٹ کا بھی پول کھول رہا ہے کہ ان افراد کا اسلام سے کوئی تعلق ہے۔ یہ وحشیانہ جماعتیں جو بھی بربریت پھیلا رہی ہیں وہ اسلام کی تعلیمات کے منافی ہے۔

الازہر کے مطابق ان دہشت گردوں کی کارستانیاں واضح طور پر اللہ کی کتاب اور آسمانی مذاہب کی تعلیمات سے رُوگردانی ہے۔

بیان میں باور کرایا گیا ہے کہ اس طرح کے جرائم سے مصری قوم کے اندر دہشت گردی کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہونے کا جذبہ اور مضبوط ہو گا یہاں تک کہ اسے جڑ سے اکھاڑ کر نہ پھینک دیا جائے۔

مقبول خبریں اہم خبریں

مقبول خبریں