.

سعودی عرب اور یو اے ای سوڈان کو پانچ لاکھ 40 ہزار ٹن گندم بھیجیں گے

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات برادر عرب اسلامی ملک سوڈان کی خوراک کی ضروریات کو پورا کرنےکے لیے 540,000 ٹن گندم بھیجیں گے۔

سعودی پریس ایجنسی ( ایس پی اے) کے مطابق گندم کی یہ مقدار سوڈانی عوام کی تین ماہ کی خوراک کی ضروریات کے لیے کافی ہوگی۔اس میں سے پہلے اور دوسرے بیچ میں ایک لاکھ چالیس ہزار ٹن گندم سوڈان کوروانہ کر دی گئی ہے۔

سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات نے سوڈان کو اقتصادی اور مالیاتی استحکام کے لیے مشترکہ طور پر تین ارب ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کیا تھا اور گندم کی بھیجی جانے والی مقدار بھی اسی امدادی پیکج کا حصہ ہے۔

قبل ازیں سعودی عرب کی وزارت خزانہ نے منگل کو ایک بیان میں یہ اطلاع دی تھی کہ سوڈان کی مالی امداد کے ضمن میں پچیس کروڑ ڈالرز اس کے مرکزی بنک میں منتقل کردیے گئے ہیں۔

یو اے ای نے سوڈان کے لیے اپریل میں پچاس کروڑ ڈالرز کے امدادی پیکج کا اعلان کیا تھا۔اس میں سے باقی رقم کی مالیت کا ایندھن ، گندم اور ادویہ سوڈان کو بھیجی جائیں گی۔