.

حوثیوں کا بیلسٹک میزائل حجۃ گورنری کے اندر ہی گرکرتباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں نے حجۃ گورنری میں ایک بیلسٹک میزائل داغا جو کچھ ہی فاصلے پر اسی گورنری میں جا گرا۔ دوسری جانب عرب اتحادی فوج نے حوثیوں پر الزام عاید کیا ہے کہ وہ شہری آبادی کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ میزائل داغنے کے لیے لوگوں کےگھروں کی چھتوں کا استعمال کررہےہیں۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نےایک بیان میں کہا کہ بدھ کی شام حوثیوں نے حجۃ گورنری میں ایک مکان کی چھت سے بیلسٹک میزائل داغا کچھ ہی فاصلے پر اسی گورنری میں جا گرا۔

کرنل المالکی نے بتایا کہ یہ پہلا موقع نہیں جب حوثی ملیشیا نے آبادی کے اندر سے بیلسٹک میزائل داغنے کی کوشش کی ہے۔ اس سے قبل بھی ایسے متعدد واقعات پیش آچکے ہیں۔ عالمی قانون کی رو سے آبادی کے اندر سے بیلسٹک میزائل چلانا سنگین جرم ہے۔ حوثی باغیوں نے 20 جون کو صنعاء کی ایمان یونیورسٹی کے اندر سے ایک بیلسٹک میزائل داغا تھا۔

کرنل المالکی نے کہا کہ حوثی ملیشیا شہری آبادی کو بھاری ہتھیاروں سے نشانہ بنا کر دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ یمنی حکومت اور عرب اتحاد مل کرایرانی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا کی دہشت گردی کا قلع قمع کردیں گے۔