.

سعودی عرب میں خمیس مشیط کی جانب بھیجے گئے 2 حوثی ڈرون طیارے تباہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

یمن میں آئینی حکومت کو سپورٹ کرنے والے اتحاد نے اعلان کیا ہے کہ اس نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کی سمت بھیجے گئے دو ڈرون طیاروں کو مار گرایا ہے۔

سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی SPA کے مطابق اتحد کے سرکاری ترجمان کرنل ترکی المالکی نے ایک بیان میں بتایا کہ اتحادی فورسز جمعرات کی صبح مذکورہ دونوں ڈرون طیاروں کا راستہ روکنے میں کامیاب ہو گئیں۔ ترجمان کے مطابق دونوں طیارے ایران نواز دہشت گرد حوثی ملیشیا نے یمن کے صوبے عمران کی جانب سے سعودی عرب کے شہر خمیس مشیط کی سمت بھیجے تھے۔

کرنل المالکی کے مطابق حوثی دہشت گردوں کی جانب سے ڈرون طیارے بھیجے جانے کی تمام کوششوں کو ناکامی سے دوچار ہونا پڑا۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ شہریوں کے تحفظ کے واسطے ان ڈرون طیاروں سے نمٹنے کے سلسلے میں اتحادی فورسز تمام عملیاتی اقدامات لے کر لڑائی کے اصول و ضوابط پر بہترین انداز سے عمل پیرا ہوتی ہیں۔

کرنل المالکی کے مطابق ان دہشت گرد کارروائیوں کو دہرانے کی کوششیں تخریب کار حوثی ملیشیا کی مایوسی کو ظاہر کرتی ہیں اور خطے میں ایران کے ایجنٹوں کی مجرمانہ سرگرمیوں کی تصدیق کرتی ہیں۔

کرنل المالکی نے باور کرایا کہ اتحاد کی مشترکہ فورسز اس دہشت گرد ملیشیا کے خلاف منہ توڑ جوابی اقدامات پر عمل درامد جاری رکھیں گی تا کہ حوثیوں کی صلاحیت کے ساتھ بین الاقوامی انسانی قانون کی روشنی میں پوری سختی سے نمٹا جا سکے۔