.

عراق : الحشد الشعبی میں ایئر فورس کی تشکیل سے متعلق دستاویز کا انکشاف

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراقی میڈیا میں ایک دستاویز گردش میں آئی ہے جس میں عراق میں الحشد الشعبی ملیشیا کے نائب سربراہ ابو مہدی انجینئر نے ملیشیا میں "ایئر فورس کا ڈائریکٹریٹ" تشکیل دینے کی ہدایت جاری کی ہے۔ اس دستاویز کو سرکاری قرار دیا جا رہا ہے۔

مذکورہ دستاویز کے مطابق صلاح مہدی حنتوش کو ڈائریکٹریٹ کے قائم مقام سربراہ کی ذمے داری سونپی گئی ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کی جانب سے پیش کی گئی تصویر میں ایرانی القدس فورس کے کمانڈر قاسم سلیمانی اور ابو مہدی انجینئر کے بیچ میں صلاح مہدی حنتوش نظر آ رہا ہے۔

یاد رہے کہ حنتوش کا نام امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے 2010 میں جاری پابندیوں کی فہرست میں شامل ہے۔

ایران نواز الحشد الشعبی ملیشیا کو "سرکاری اتھارٹی" کا درجہ دینے کے بعد سے مبصرین کو اندیشہ ہے کہ الحشد الشعبی عراق میں ایرانی پاسداران انقلاب کی صورت اختیار کر لے گی۔

الحشد الشعبی کی تشکیل عراق اور شام میں وسیع رقبے پر قبضہ کر لینے والی داعش تنظیم کے خلاف جنگ کے دوران عمل میں آئی تھی۔ اس میں مختلف ملیشیاؤں کو اکٹھا کیا گیا۔ کچھ عرصہ قبل اسے سرکاری حیثیت دے دی گئی۔

الحشد الشعبی کے پرچم تلے اہم ترین ملیشیاؤں میں بدر تنظیم ، عراقی حزب اللہ بریگیڈز، اہل الحق بریگیڈز شامل ہیں۔