.

لبنان میں دو ہزار خاندانوں کے لیے سعودی عرب کی مفت روٹی اسکیم

اسکیم سے لبنانی، شامی اور فلسطینی پناہ گزین مستفید ہو رہے ہیں

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کےتعاون سے لبنان میں دو ہزار مستحق اور نادار گھرانوں کو مفت روٹی کی فراہمی کا ایک نیا پروگرام شروع کیا گیا ہے۔

'امید روٹی پروگرام' سعودی عرب کے شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے زیراہتمام شروع کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کے تحت لبنان میں قریبا دو ہزار شامی، فلسطینی اور لبنانی خاندانوں میں 4000 روٹیاں مفت تقسیم کی جائیں گی۔

حال ہی میں بیروت میں متعین سعودی عرب کے سفیر ولید البخاری نے عکار کے مقام پر مفت روٹی مرکز کا افتتاح کیا۔

انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ شاہ سلمان سنٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینیٹیر ایکشن جلد ہی عاکار میں ایک صحت مرکز بھی کھولے گا جو اس علاقے میں اپنا مثالی خدمات کی وجہ سے اپنی مثال آپ ہوگا۔

لبنان میں شاہ سلمان سینٹر فار ریلیف اینڈ ہیومینیٹیر ایکشن کے ڈائریکٹر فہد القناس نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ "بیکری کا تسلسل اس کی کامیابی پر منحصر ہوگا اور اگر متعلقہ لوگوں کو اس سے فائدہ پہنچ رہا ہے تو اسے بند نہیں کیا جائے گا۔

القناس نے تصدیق کی کہ یہ مرکز برسوں سے لبنانی شہریوں اور پناہ گزینوں کے خاندانوں کے بغیرعلاقائی تفریق امداد کررہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس غریب خاندانوں کی خدمت کے لئے کھلا بجٹ ہے۔ ہم نے ڈائلائسز اسپتال کی تعمیر کے علاوہ کھانا تقسیم کرنے، تعلیمی اور طبی امداد جیسے متعدد کام کیے ہیں۔ ہم نے دور دراز دیہاتوں کے اسپتالوں میں ایمبولینسیں بھی دی ہیں۔

القناس کے مطابق عاکار کے دیہات بہت اچھے ہیں لیکن مہاجرین کی تعداد نے ان کی معاشی صورتحال پر ایک اور بوجھ ڈال دیا ہے۔