.

سعودی وزارت خارجہ کا جعلی اور فراڈ فون کالز سے لا تعلقی کا اظہار

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے جامعات میں داخلے کے حوالے سے شہریوں اور مملکت میں مقیم غیرملکی باشندوں کی شکایات پر اپنےرد عمل میں جعلی فون کالز سے مکمل لا تعلقی کا اظہار کیا ہے۔

العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق کچھ شہریوں اور غیرملکی باشندوں کی طرف سے یہ شکایات موصول ہوئی تھیں کہ انھیں وزارت خارجہ کےنامعلوم عہدیداروں کی طرف سے گمنام فون کالز موصول ہوئی ہیں جن میں یونیورسٹی میں داخلہ فراہم کرنے یا اسناد کی تصدیق اور دیگر سرکاری دستاویزات کی تیاری اور تصدیق کے لیے رقوم مانگی جا رہی ہیں۔

وزارت خارجہ میں پبلک افیئرزکے سیکرٹری سعود بن صالح کاتب نے کہا کہ وزارت خارجہ کا غیر قانونی طور پر دھوکہ دہی ، فراڈ ،رقوم حاصل کرنے کے لیے رابطوں سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی 'ایس پی اے' کے مطابق صآلح کاتب نے کہا کہ وزارت خارجہ شہریوں اور غیرملکی باشندوں کو تاکید کرتی ہے کہ وہ کسی گم نام اور فراڈ کال پر کان نہ دھریں۔ ایسی کسی بھی مشکوک کال کی صورت میں حکام سے رابطہ کریں تاکہ نوسرباز عناصر کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکے۔

خیال رہے کہ حالیہ عرصے میں سعودی عرب میں جامعات میں داخلے اور دیگر دستاویزات کی تیاری میں مدد فراہم کرنے پرکچھ لوگ فون کرکے امیدواروں سے رقوم طلب کرتے رہے ہیں۔