.

عراقی وزیراعظم کا حالیہ احتجاجی مظاہروں میں مرنے والوں کا تین روزہ سوگ منانے کا اعلان

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے ملک کے مختلف شہروں میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران میں مرنے والوں کا تین روزہ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر کے ایک بیان کے مطابق اس تین روزہ سوگ کا جمعرات سے آغاز ہوگا۔

عراق کے دارالحکومت بغداد اور دوسرے شہروں میں حالیہ احتجاجی مظاہروں کے دوران میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیوں اور جھڑپوں میں کم سے کم ایک سو دس افراد ہلاک اور چھے ہزار سے زیادہ زخمی ہوگئے تھے۔ ان احتجاجی مظاہروں میں نو سکیورٹی اہلکار بھی ہلاک ہوگئے تھے۔

ہزاروں عراقی شہریوں نے گذشتہ منگل کو دارالحکومت بغداد اور دوسرے شہروں میں ملک میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری ، شہری خدمات کے پست معیار اور سرکاری حکام کی بدعنوانیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع کیے تھے۔

عراقی سکیورٹی فورسز نے اس عوامی احتجاجی تحریک کو دبانے کے لیے طاقت کا بے مُحابا استعمال کیا تھا۔ مظاہرین وزیراعظم عادل عبدالمہدی سےاپنے انتخابی وعدے کے مطابق وسیع تر اصلاحات کا مطالبہ کررہے تھے۔اس احتجاجی تحریک کے بعد وزیراعظم نے مختلف انتظامی اور مالی اصلاحات کا اعلان کیا ہے۔

دریں اثناء عراقی صدر برہم احمد صالح نے حکومت کی کارکردگی میں بہتری کے لیے وزارتوں میں ردوبدل پر زوردیا ہے۔