.

البغدادی نے خود کو بچوں کے ساتھ اڑایا؛ ٹرمپ نے ہلاکت کی تصدیق کر دی

عراقی میڈیا نے داعش سربراہ ابوبکر البغدادی کے خلاف ’ہلاکت خیز‘ آپریشن کی ویڈیو چلا دی

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مشرق وسطیٰ ميں سرگرم شدت پسند تنظيم ’اسلامک اسٹيٹ‘ کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ ٹرمپ نے اتوار کو اپنے ايک خصوصی خطاب ميں بغدادی کی ہلاکت سے متعلق خبروں کی تصديق کی۔

انھوں نے بتايا کہ داعش کے سربراہ کو خصوصی امريکی دستوں نے گزشتہ روز شمال مغربی شام ميں انسداد دہشت گردی کی ايک کارروائی ميں ہلاک کیا۔ يہ کارروائی دو گھنٹوں تک جاری رہی اور اس ميں امريکی افواج کا کوئی اہلکار ہلاک نہيں ہوا۔ ٹرمپ نے مزيد بتايا کہ بغدادی کی ہلاکت کے بعد متعلقہ کمپاؤنڈ سے حساس معلومات ومواد امريکی فورسز نے اپنی تحويل ميں لے ليا ہے۔

ابوبکر البغدادی کی ايک امريکی فوجی آپريشن ميں ہلاکت کی خبريں اتوار کے روز صبح ہی سے دنيا بھر ميں ذرائع ابلاغ کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی تھيں۔ اپنی شناخت مخفی رکھنے کی شرط پر ايک امريکی سکيورٹی اہلکار نے بھی بتايا تھا کہ بغدادی کو ہلاک کر ديا گيا ہے۔ ترکی نے بھی عنديہ ديا تھا کہ اس آپريشن ميں امريکی دستوں کی معاونت کی گئی۔

صدر ٹرمپ نے اپنے بيان ميں کہا کہ بغدادی ’بزدلوں والی اور ايک کتے کی موت مرا۔‘ معاونت پر انہوں نے عراقی حکومت کی بھی تعريف کی۔ امريکی صدر نے بالخصوص ان فوجيوں کو خراج تحسين پيش کيا، جنہوں نے اس آپريشن ميں حصہ ليا۔ ان کے بقول يہ ايک انتہائی خطرناک آپريشن تھا اور انہوں نے اس آپریشن مناظر براہ راست ديکھے۔

قبل ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اتوار کے روز علی الصباح کی جانے والی ٹویٹ جس میں انھوں نے ’’بڑی کامیابی‘‘ ملنے کی نوید سنائی تھی کے بعد وائٹ ہاؤس نے اعلان کیا تھا کہ گرینچ کے معیاری وقت والے ایک بجے صدر ٹرمپ اہم اعلان کرنے والے ہیں۔

اسی اثنا میں امریکی ذرائع ابلاغ نے عندیہ ظاہر کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کا اعلان کرنے والے ہیں۔

نیوز ویک جریدے نے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ امریکی فوج نے ایک ہفتہ قبل صدر ٹرمپ کی منظوری کے بعد شام میں داعش کے گڑھ پر بمباری کی۔

جریدے نے امریکی کارروائی سے متعلق آگاہ پینٹاگان کے اعلیٰ عہدیدار کے حوالے سے بتایا کہ شمالی مغربی شام کے شہر ادلب میں کی جانے والی اس کارروائی کا نشانہ ابوبکر البغدادی تھے جس میں امریکی ہیلی کاپٹروں نے حصہ لیا۔

امریکی فوج میں آپریشن کے نتائج کا علم رکھنے والے ذرائع، نیوز ویک کے مطابق، نے واضح کیا کہ اس کارروائی میں داعش کا سربراہ البغدادی مارا گیا۔

وزارت دفاع نے وائٹ ہاؤس کو بتایا کہ انہیں یقین ہے کہ ادلب میں امریکی کارروائی میں مارا جانے والا ’’ہائی ویلیو ٹارگٹ‘‘ ابوبکر البغدادی ہی تھا۔ انھوں نے بتایا کہ متعلقہ حکام مزید تحقیقات کر رہے ہیں۔