.

یہ البغدادی کی بیوی کی تصویر ہے ؟

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز نے ترکی کے سیکورٹی ذمے داران کے حوالے سے ایک تصویر جاری کی ہے۔ ایجنسی کا کہنا ہے کہ یہ تصویر اسماء فوزی محمد الکبیسی کی ہے جس کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ داعش تنظیم کے سربراہ کی پہلی بیوی ہے۔ اس سے قبل ترکی کے صدر رجب طیب ایردوآن نے بدھ کے روز اعلان کیا تھا کہ ان کے ملک نے داعش کے مقتول سربراہ ابو بکر البغدادی کی بیوی کو حراست میں لے لیا ہے۔

برطانوی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حراست میں لی جانے والی خاتون نے ترکی کے حکام کو اپنا تعارف "رانيا محمود" کے نام سے کرایا ہے۔

انقرہ یونیورسٹی میں تقریر کرتے ہوئے ایردوآن نے کہا "امریکا کہتا ہے کہ البغدادی نے سرنگ میں خود کو ہلاک کیا ہے۔ انھوں نے اس حوالے سے ایک ابلاغی مہم شروع کی ہے لیکن میں یہاں پہلی مرتبہ یہ اعلان کررہا ہوں کہ ہم نے البغدادی کی بیوی کو گرفتار کر لیا ہے لیکن ان کی طرح کی غوغا آرائی نہیں کی ہے"۔

ترکی کے صدر نے یہ نہیں بتایا کہ البغدادی کی بیوی کو کب اور کس طرح گرفتار کیا گیا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ترکی کے ایک سیکورٹی ذریعے نے بتایا تھا کہ ان کے ملک نے امریکی فورسز کے ہاتھوں مارے جانے والے داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کی بہن رسمیہ عواد کو گرفتار کر لیا۔ ذریعے کے مطابق 65 سالہ رسمیہ عواد کو پیر کے روز شام کے شمال مغرب میں واقع قصبے اعزاز کے نزدیک حراست میں لیا گیا جہاں وہ اپنے شوہر اور پانچ بچوں کے ساتھ رہائش پذیر تھی۔