.

سعودی عرب میں خواتین کے لیے سب سے بڑے ڈرائیونگ اسکول کا منصوبہ

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

سعودی عرب کے صوبے عسیر میں خواتین کے ڈرائیونگ اسکول کے منصوبے پر عمل درامد کا آغاز ہو چکا ہے۔ منصوبے کی نگرانی شہزادہ ترکی بن طلال کر رہے ہیں۔

ڈرائیونگ اسکول کے منصوبے کے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر اسامہ الحیزان کے مطابق ابہا شہر میں کنگ فہد روڈ پر عمارت کی تعمیر کے لیے زمین کو ہموار کیا جا رہا ہے۔ آئندہ دس روز میں تعمیراتی کام شروع کر دیا جائے گا۔ منصوبے کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے روزانہ دو شفٹوں میں کام ہو گا۔

ڈاکٹر الحیزان نے بتایا کہ "تطوير" ڈرائیونگ اسکول کا منصوبہ 70 ہزار مربع میٹر کے رقبے پر مشتمل ہو گا۔ الحیزان کے مطابق یہ سعودی عرب میں سب سے بڑے ڈرائیونگ اسکولوں میں سے ہو گا۔ اس کو گاڑی چلانے کے لیے مطلوب تمام مہارتوں کو مد نظر رکھ کر ڈیزائن کیا گیا ہے۔

اس اسکول میں عملی مشق اور زمینی تربیت کا میدان آسٹریا کی ایک کمپنی کے تعاون سے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ اس کا شمار دنیا بھر میں سواریوں کی تربیت کے میدانوں کی ڈیزائننگ اور انجینئرنگ سے متعلق دنیا کی سب سے بڑی کمپنیوں میں ہوتا ہے۔