.

مکہ مکرمہ : نشے کے عادی افراد کے علاج سے متعلق پہلا بین الاقوامی ڈپلوما کورس مکمل

پہلی اشاعت: آخری اپ ڈیٹ:

مکہ مکرمہ صوبے کی جیل ڈائریکٹریٹ کی جانب سے جمعرات کی شام منعقد ہونے والی ایک تقریب میں نشے کے عادی افراد کے علاج کی تربیت حاصل کرنے والے افراد کو بین الاقوامی ڈپلوما کا سرٹفکیٹ دیا گیا۔ یہ تربیتی کورس دو ماہ جاری رہا جس میں 68 مرد اور خواتین نے حصہ لیا۔

اس موقع پر بریمان جیل کے سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد فائز القرنی نے کہا کہ یہ مملکت کی سطح پر اپنی نوعیت کا پہلا کورس تھا۔ اس کا مقصد جیلوں اور متعلقہ اداروں سے تعلق رکھنے والے مرد اور خواتین اہل کاروں اور اسی طرح عام شہریوں کو تربیت فراہم کرنا ہے جس کے ذریعے وہ ہر طرح کے نشے کے عادی افراد کے مسائل سے نمٹ سکیں۔ کورس میں متعلقہ شعبے میں خلیجی اور عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے ماہر ڈاکٹروں کی بھی شمولیت رہی۔

تربیتی کورس میں نشے کی وجوہات ، اس کی اقسام اور ان کے علاج کے طریقہ کار پر توجہ مرکوز رکھی گئی۔ کورس میں نشے کی لت کے علاج کے واسطے 12 اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔

مکہ مکرمہ صوبے کی جیلوں کے ڈائریکٹر بریگیڈیئر جنرل ماجد الدویش کے مطابق یہ تربیتی پروگرام ان کوششوں کا حصہ ہے جو متعلقہ شعبے میں کام کرنے والے اہل کاروں کی عملی اہلیت اور پیشہ وارانہ ترقی کے معیار کو بلند کرنے کے سلسلے میں کی جا رہی ہیں۔

اس سلسلے کا دوسرا ڈپلوما کورس آنے والے دنوں میں ریاض صوبے کی جیلوں میں منعقد ہو گا۔